ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی وزارت خارجہ کی غیر ملکی سفراء کو بریفنگ ،گمراہ کن اور زمینی حقائق کے منافی ہے ۔پاکستانی ڈوزیئر آنے کے بعد بھارت نے پاکستان مخالف پروپیگنڈے میں اضافہ کر دیا ہے ۔ بھارتی وزارت خارجہ کی بریفنگ اور لغو الزامات بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہیں۔
بھارت کا مقبوضہ جموں و کشمیر میں ایک اور جعلی حملے کا ڈرامہ ، ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ پاکستان پہلے ہی ڈوزیئر میں بھارتی ریاستی دہشتگردی کے ناقابل تردید شواہد پیش کر چکا ہے ۔پاکستان نے اپنے ڈوزئیر میں بھارتی دہشتگردی کی منصوبہ بندی، مدد، مالی معاونت، سہولت کاری، تربیت، سرپرستی کو بے نقاب کیا اور بھارت کے دہشتگردوں سے رابطوں کی قلعی کھول کر رکھ دی۔ ڈوزیئر آنے کے بعد بھارت نے پاکستان مخالف پروپیگنڈے میں اضافہ کر دیا ہے ۔
ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیاکہ بھارتی تردید اور الزامات کی پرانی رٹ سے حقائق تبدیل نہیں ہوں گے، پاکستان کو کسی بھی جعلی آپریشن یا حملے میں ملوث کرنے کی جھوٹی کوششوں کی کوئی حیثیت نہیں۔ بھارتی بیانیہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بربریت سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے لیکن پاکستان ،ہندوستان کے عزائم بے نقاب کرتا رہے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مطالبہ کیاکہ عالمی برادری دہشتگردی کی پشت پناکرنے والے بھارت کا محاسبہ کرے اور اقوام متحدہ، پاکستا ن کی جانب سے فراہم شواہد پر بھارت کیخلاف موثر اقدامات اٹھائے۔
Comments are closed.