پاکستانیوں کے لئے کویت کے ویزہ بحالی سے متعلق ترجمان دفتر خارجہ کی وضاحت

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے پاکستانیوں کے لئے کویت کے ویزے بحال ہونے سے متعلق وضاحت کر دی ہے۔

کویت کے ویزہ بحالی سے متعلق میڈیا کے سوالات کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے بتایا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان مشترکہ مذہب اور اقدار پر مبنی گہرے برادرانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے درمیان کئی شعبوں میں تعلقات فروغ پا رہے ہیں۔

زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ اسی جذبے کے تحت کویت نے پاکستانیوں کیلئے فیملی ویزہ اور بزنس ویزہ بحال کر دیئے ہیں، خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانی کاروباری حضرات کویت کے آن لائن ویزہ سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ عالمی وبا کی موجودہ صورتحال میں سفری پابندیوں کے باعث فی الحال کویت نے غیر ملکیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر رکھی ہے، صرف کویتی شہریوں، ماہرین صحت اور شعبہ طب سے وابستہ افراد کو کویت آنے کی اجازت ہے۔

بیان کے ذریعے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے حکام مختلف شعبوں کیلئے پاکستانی افرادی قوت کویت بھجوانے کے حوالے سے میکنزم تیار کر رہے ہیں، اس بارے میں کویت کے حکام کے تعاون کے شکر گزار ہیں۔

Comments are closed.