بھارت عالمی عدالت کے فیصلے پرعملدرآمد کی پاکستانی کوششیں ضائع کررہاہے، زاہد حفیظ

بھارتی حکومت کمانڈر یادیو کیس میں ٹال مٹول اور سیاسی پوائنٹ سکورنگ میں زیادہ دلچسپی رکھتی ہے، ترجمان دفتر خارجہ

 بھارت کلبھوشن کیس میں عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پرعمل درآمد کی پاکستانی کوششوں کو ٹال مٹول کے ذریعے ضائع کرنے کے بہانے تلاش کررہا ہے، بھارتی حکومت کمانڈر یادیو کیس میں سیاسی پوائنٹ سکورنگ میں زیادہ دلچسپی رکھتی ہے۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران نیوز ڈپلومیسی کی جانب سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظد چوہدری نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کے معاملے پر بھارت ٹال مٹول اور عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عملدرآمد کی پاکستانی کوششوں کو خراب کرنے کے بہانے تلاش کر رہا ہے۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت کی طرف سے کمانڈر یادیو کے مقدمے میں بھارتی وکیل کو پیش ہونے کی اجازت دینے سے متعلق بے تکے اور ناقابل قبول مطالبات پیش کیے، تاہم بھارت کو واضح کر دیا ہے کہ پاکستانی عدالتوں میں صرف وہی وکیل پیش ہو سکتا ہے جس کے پاس پاکستان میں پریکٹس کا لائسنس ہو۔

زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے بھارتی دہشت گرد کمانڈر کلبھوشن یادیو کو تیسری قونصلر رسائی دینے کی پیشکش کو بھارت نہ تاحال قبول نہیں کیا، حالانکہ اس حوالے سے حکومت پاکستان کی جانب سے بھارت کو متعدد بار یاددہانیاں بھی کرائی گئیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ یکم دسمبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے بھارت کو کلبھوشن یادیو کیس میں وکیل کا ایک اور موقع فراہم کیا گیا تاہم ایسے محسوس ہوتا ہے کہ بھارتی حکومت کمانڈر یادیو کیس میں سیاسی پوائنٹ سکورنگ میں زیادہ دلچسپی رکھتی ہے۔

زاہد حفیظ چوہدری نے واضح کیا کہ پاکستان عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عملدرآمد کے لئے مکمل پرعزم ہے، بھارتی حکومت آگے بڑھے اور پاکستانی عدالتوں سے تعاون کرے تا کہ دنیا کی سب سے بڑی عدالت کے فیصلے پر مکمل طور پر عمل کیا جا سکے۔

Comments are closed.