ای سی سی نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی اصولی منظوری دے دی

ای سی سی نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی اصولی منظوری دے دی۔ مقامی سطح پر تیار ہونے والی گاڑیوں پر سیلز ٹیکس کی شرح بڑھا کر 25 فیصد کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی۔ اس کے نتیجے میں گاڑیاں مہنگی ہونے کا امکان ہے۔

اسلام آباد میں نگران وزیر خزانہ شمشاد اختر کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چار نکاتی ایجنڈے پرغور کیا گیا۔آئی ایم ایف کی شرط پر گیس مزید مہنگی کرنے کی منظوری دے گئی تاہم حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی۔ ذرائع کے مطابق پروٹیکٹڈ، نان پروٹیکٹڈ صارفین،کیپٹیو پاور پلانٹس کے لیےگیس کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا۔ پروٹیکٹڈ صارفین کے لیےگیس قیمتوں میں 100 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ ہوگا۔ نان پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے 300 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کا امکان ہے۔

بلک میں گیس استعمال پر فی ایم ایم بی ٹی یو 900 روپے کا اضافہ ہوگا۔ سی این جی سیکٹر، فی ایم ایم بی ٹی یو 170 روپےکا اضافہ ہوگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کھاد کارخانوں کے لیے بھی گیس کا ریٹ بڑھایا گیاہے۔ گیس کی قیمتوں میں اضافےکا اطلاق یکم فروری سے ہوگا۔ واضح رہے کہ نگران حکومت نے آئی ایم ایف کی شرط پر گیس کمپنیوں کاگردشی قرض ختم کرنے کیلئے یکم نومبر سے گیس ٹیرف میں ایک سو سے2000فیصد تک اضافہ کیاتھا۔

Comments are closed.