سری نگر: غیرقانونی طور پربھارت کے زیرقبضہ جموں و کشمیر میں مودی سرکار سوچے سمجھے منصوبے کے تحت معصوم کشمیریوں کی نسل کشی کر رہی ہے، قابض بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوانوں کو ضلع شوپیاں کے علاقے صدیق خان میں شہید کیا، دونوں نوجوانوں کو نام نہاد محاصرے اورتلاشی کی ایک کارروئی کے دوران گولیاں مار کر ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا۔
بھارتی پولیس کے ڈائریکٹر جنرل دل باغ سنگھ نے کہا کہ شہید ہونے والے نوجوانوں کی شناخت اسحاق ڈار عرف ابو اکرم اور مجید اقبال کے طور پر ہوئی ہے۔ علاقے میں نام نہاد تلاشی و محاصرہ کی کارروائی کے دوران داخلی و خارجی راستوں کو بند کر کے موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل ہے۔
دوسری جانب بھارتی پیراملٹری اور پولیس کے اہلکاروں نے ضلع بڈگام کے مختلف علاقوں میں گھروں پر چھاپوں کے دوران چار نوجوانوں ظہوراحمد، عمر، فیضان اور شاہنواز احمد کو گرفتارکیا۔ بھارتی پولیس نے ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ اس نے بڈگام سے عسکریت پسندوں کے حامیوں کو گرفتار کیا ہے۔
Comments are closed.