وفاقی وزیر غلام سرور کا چوہدری نثار پر دہشت گرد، قاتل اور مفرور پالنے کا الزام

راولپنڈی: وفاقی وزیر برائے امور ہوا بازی غلام سرورخان کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی کسی سے بلیک میل نہیں ہوگی، چوہدری نثار نے حلقہ انتخاب میں دہشت گرد، قاتل اور مفرور پال رکھے تھے،جن کے ذریعے زمینوں پر قبضے کراتے تھے۔

پبلک سیکرٹیریٹ راولپنڈی میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ہوا بازی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کو تبدیل کیا جائےگا اور نہ ہی تحریک انصاف کسی سے بلیک میل ہو گی، عثمان بزدار شریف آدمی ہیں،کوئی تبدیلی نہیں ہوگی،اگر تبدیلی کرنا پڑی تو کسی کے سہارے کی ضرورت نہیں پڑے گی اگر کوئی سمجھتا ہے کہ وہ بلیک میل کرلے گا تو ہمارے پاس نمبر پورے ہیں۔

وفاقی وزیر ہوا بازی نے سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان پر بھی کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری نثارنے حلقہ میں دہشت گرد ،اور قاتل پال رکھے تھے، کررڑ میال میں 100مفرور ہیں، ن لیگ راولپنڈی کے بڑے سیاستدان ان بدمعاشوں سے زمینوں پر قبضے کراتے ہیں، اب اس برائی کا خاتمہ ہو گا،ان بدمعاشوں نے علاقہ میں سکول کالج نہیں بننے دیا لیکن ہم بنائیں گے

وزیرہوا بازی کا کہنا تھا کہ جعلی لائسنسز پر28 پائلٹس کو نوکریوں سے برخاست کیا،191  کو شوکاز نوٹس جاری کر کے گروانڈ کر دیا گیا، حکومت پی آئی اے کو دوبارہ عروج پر لیکر جائے گی، پی آئی اے میں نئے جہاز شامل کریں گے۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ جہازوں کی بھی انٹرنیشنل سرٹیفیکیشن کروائیں گے،قومی ایئرلائن پر عائد پابندیاں بھی ختم کروائیں گے، غلام سرور کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال میں راولپنڈی رنگ منصوبہ پر کام بھی شروع کر دیا جائےگا جس کا افتتاح وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے کروائیں گے۔

Comments are closed.