اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کا انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کے ساتھ نیا معاہدہ ہوگیا جس سے بجلی کی لاگت میں کمی آئے گی اور صارفین کو سستی بجلی ملے گی۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں اپنی قوم کو اس کے 73 یوم آزادی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، قائد کے پاکستان کی طرف ہمارا سفر شروع ہوچکا ہے، قانون کی حکمرانی اور ہمدردی کی بنیاد پر ایک اسلامی فلاحی ریاست کی طرف گامزن ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے خلاف کامیابی سے نمٹنے پر بھی قوم کو مبارک باد دیتا ہوں، اس وباء کے باعث درپیش مشکل صورتحال کے دوران نقد امداد اور اسمارٹ لاک ڈاؤنز کے ذریعے ہم نے اپنے غریبوں کی حفاظت کی۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت پر دو بڑے بوجھ تھے جن میں سے ایک قرضے تھے اور دوسرا شعبہ توانائی تھا جو مہنگی بجلی بنارہا تھا، اللہ کا شکر ہے آمدنی بڑھنی شروع ہوگئی، جولائی میں ٹیکس آمدن ہدف سے زیادہ رہی جبکہ برآمدات بھی بڑھ رہی ہیں، اسٹاک مارکیٹ بھی اوپر چلی گئی ہے۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ حالات مزید بہتر ہوں گے۔ پچھلی حکومتوں نے مہنگے معاہدے کیے تھے جس سے گردشی قرضے بڑھ گئے تھے اور حکومت کو بھاری خسارہ ہورہا تھا، حکومت اور نجی بجلی گھروں کے مذاکرات جاری تھے۔
وزیراعظم نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ طویل مذاکرات کے بعد آئی پی پیز کے ساتھ نئے معاہدے پر دستخط کیے ہیں،جس سے بجلی کی پیداواری لاگت اور گردشی قرضوں میں کمی آئے گی، اصلاحات کا اگلا ہدف بجلی کی تقسیم کے نظام کو بہتر بنانا اورنقصانات کم کرنا ہے، ہم بجلی کے شعبے میں وراثت میں ملنے والے نقصان دہ ڈھانچے کو ٹھیک کر رہے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ میرے بہادر کشمیری بھائیوں کے لئے میرا پیغام ہے کہ ہماری قوم حق خودارادیت کی جدوجہد میں ان کے ساتھ شانہ بشانہ ہے، ہم کشمیریوں کی ہر سطح پر ہر طرح کی مدد فراہم کریں گے، کشمیری قوم بہادری کے ساتھ ہندوستان کے غیر قانونی قبضے کا مقابلہ کررہی ہے۔
Comments are closed.