حکومت نے 18 جنوری سے تعلیمی ادارے مرحلہ وارکھولنے کااعلان کردیا

وفاقی حکومت نے میٹرک اور انٹر کی کلاسز 18 جنوری کو جبکہ یونیورسٹیز یکم فروری کو کھولنے کا فیصلہ برقرار رکھا ہے تاہم پہلی سے 8 ویں تک کی کلاسز کے کھلنے میں ایک ہفتے کی تاخیر کردی ہے۔

ملک میں تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزرائے تعلیم اورمعاون خصوصی برائے صحت بھی شریک ہوئے ۔

 اجلاس کے بعد اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نےبتایاکہ 9 ویں سے 12 ویں تک امتحانات ہونے والے ہیں ، اس لیے فیصلہ کیا گیا ہے کہ اس سال کسی بچے کو امتحان کے بغیر پاس نہیں کیا جائے گا، لہذا نویں سے 12 ویں جماعت تک کلاسیں 18 جنوری سے ہی شروع ہوجائیں گی اور جامعات یکم فروری کو ہی کھلیں گی، تاہم پہلی سے 8 ویں تک کی کلاسز کے آغاز میں ایک ہفتے کی تاخیر کی گئی ہے اور اب پرائمری بھی  کلاسز 25 جنوری کے بجائے یکم فروری سے کھلیں گی۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ اگلے ہفتے تمام صورتحال پر دوبارہ غور کیا جائے گا اور این سی او سی اجلاس میں شہروں میں وبا کے پھیلاؤ کا مزید جائزہ لیں گے۔

Comments are closed.