حکومت نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا

 اسلام آباد:وفاقی وزراء شفقت محمود، شبلی فراز اور فواد چودھری نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ شفقت محمود نے کہاکہ الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں مکمل ناکام ہو چکا ہے، ہمیں بطور حکمران جماعت الیکشن کمیشن پر کوئی اعتماد نہیں، الیکشن کمیشن کو بحیثیت مجموعی اپنی ذمہ داریوں سے دستبردار اور مستعفی ہوجانا چاہیے۔

 شفقت محمودنے کہاکہ ایسا نیا الیکشن کمیشن بنایا جائے جس پر سب کو اعتماد ہو، ہم سب مل کر اس بات کو یقینی بنائیں کہ آئندہ الیکشن شفاف ہو جس پر کوئی آواز نہ اٹھے۔ الیکشن کمیشن کو نیوٹرل ہونا چاہیئے، لیکن موجودہ الیکشن کمیشن نیوٹرل نہیں، فی الحال الیکشن کمیشن کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کرنے کا ارادہ نہیں۔

شفقت محمود کاکہناتھا کہ وزیراعظم عمران خان نے پہلے دن سے اوپن بیلٹنگ کا مطالبہ اور کوشش کی ہے، نواز شریف نے اپنی حکومت میں اوپن بیلٹ لانے کی بات تو سیاسی اختلاف کے باوجود ہم نے حمایت کی، عمران خان چاہتے ہیں سیاست سے پیسے کا کردار ختم کرکے شفافیت لائی جائے۔شفقت محمود نے کہا کہ آج صورتحال یہ ہے ہر سیاسی جماعت سینیٹ الیکشن سے مطمئن نہیں، یہ ساری چیزیں عمران خان کے اس موقف کی تائید کرتی ہیں، یہ ناکامی الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہے۔

Comments are closed.