اسلام آباد:وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہاہے کہ حکومت نے تحریک لبیک پاکستان پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس بات کا اعلان انہوں نے اسلام آباد میں اعلی ٰ سطح اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ تحریک لبیک پر پابندی کا فیصلہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت کیا گیا ہے، پنجاب حکومت کی سفارش کے بعد تحریک لبیک پر پابندی کی سمری کابینہ کو منظوری کیلیےبھیجی جارہی ہے۔ قانون ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا، ریاست کی رٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں خود ختم نبوت کا مجاہد ہوں، (ن) لیگ نے ختم نبوت پرترمیم کی تو میں نے اسمبلی میں آواز اٹھائی، جس ملک میں وزیر داخلہ ختم نبوت کا مجاہد ہو اس ملک میں کوئی ختم نبوت کا مسئلہ نہیں، ہمارے دور میں ناموس رسالت کے خلاف کوئی کام نہیں ہو سکتا، آج بھی اس بات پر قائم ہیں اسمبلی میں ناموس رسالت کا بل پیش کریں گے، لیکن ہم ایسا مسودہ چاہتے ہیں جس سے نبی ﷺ کا علم بلند ہو، جو آپ چاہتے ہیں اس سے دنیا میں ہمارا انتہا پسندی کا امیج جائے گا۔
اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی زیر صدارت امن وامان کی صورتحال پر اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری، سیکرٹری داخلہ، آئی جی پنجاب انعام غنی، چیف کمشنرو آئی جی اسلام آباد، کمشنر راولپنڈی، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
وزیر داخلہ پولیس کے شہید ہونے والے دو اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ موٹرویز، جی ٹی روڑ اور باقی بڑی سڑکیں ٹریفک کے لیے کلیئر ہیں، لیاقت باغ، ترنول، بارہ کہو، روات کے راستے بحال کردیئے۔
Comments are closed.