اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ترسیلات زر کے حوالے سے ہرممکن سہولت کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
ترسیلات زر اور غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کے حوالے سے پیرکے روز اسلام آباد میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے گزشتہ ماہ تارکین وطن کی طرف سے بھیجی گئی رقوم میں نمایاں اضافے پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک اور قوم کا اہم اثاثہ ہیں، وزارت خزانہ، ایف بی آر اور سٹیٹ بینک ترسیلات زر اور غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے کیلئے مزید اقدامات تجویز کریں، حکومت بیرون ملک تعلیم پاکستانیوں کی حوصلہ افزائی کرے گی وہ ملک کی معیشت کے استحکام میں فعال کردار ادا کریں۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق جولائی میں بیرون ملک پاکستانیوں نے 2 ارب 76 کروڑ 81 لاکھ ڈالر کی ترسیلات زر بھجوائیں، جو کسی ایک مہینے میں پاکستان میں آنے والی ترسیلات زر کی بلند ترین سطح ہے۔
ترسیلات زر نمو کے اعتبار سے جولائی 2019ء کے مقابلے میں (سال بسال) 36.5 فیصد اور جون 2020ء کے مقابلے میں 12.2 فیصد بڑھی ہیں۔ عالمی سطح پر کورونا وائرس کے اثرات کے پیش نظر کارکنوں کی ترسیلات ِزر میں یہ اضافہ حوصلہ افزا ہے۔
مرکزی بینک کے مطابق جولائی 2020 میں سب سے زیادہ ترسیلات زر سعودی عرب سے 82 کروڑ 16 لاکھ ڈالر، متحدہ عرب امارات سے 53 کروڑ 82 لاکھ ڈالر، برطانیہ سے 39 کروڑ 39 لاکھ ڈالر اور امریکا 25 کروڑ 6 لاکھ ڈالر موصول ہوئے۔
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری ایک بیان میں کہا کہ جولائی 2020ء میں سمندر پار پاکستانیوں کی بھجوائی ترسیلاتِ زر 2768 ملین ڈالرز تک پہنچ گئیں۔
وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ملکی تاریخ میں ایک ماہ میں بھجوایا جانے والا سب سے زیادہ سرمایہ ہے، یہ ترسیلاتِ زر جولائی 2019 کی نسبت 36.5 فیصد زیادہ ہیں، یہ پاکستانی معیشت کیلئےایک اور خوشخبری ہے۔
Comments are closed.