پاکستان میں تعینات کوئی سفیر بغیرپیشگی اطلاع کسی وزیر سے ملاقات نہیں کریگا

 اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ پاکستان میں تعینات کوئی سفیر آئندہ وزارتِ خارجہ کو پیشگی اطلاع دئیے بغیر کسی وزیر سے ملاقات نہیں کریگا۔ ایسی تمام ملاقاتوں میں وزارت خارجہ کی جانب سے ایک نمائندہ بھی شریک ہو گا۔ وزارت خارجہ کی طرح دیگر وزارتیں بھی اپنی سالانہ کارکردگی رپورٹ عوام کے سامنے رکھیں۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی معاشی اور سیاسی صورتحال سمیت سات نکاتی ایجنڈے پر غورکیاگیا۔ کابینہ اجلاس میں وزیر اعظم نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سال 2021 میں سفارتی کامیابیوں کے حوالے سے تفصیلی پریس کانفرنس کو سراہتے ہوئے تمام وزارتوں کو کہاکہ وزارت خارجہ کی طرح اپنی سالانہ کارکردگی رپورٹ عوام کے سامنے رکھیں۔وزیر اعظم نے ہدایت دی کہ پاکستان میں تعینات کوئی سفیر آئندہ وزارتِ خارجہ کی کلیرنس کے بغیر وزراء سے ملاقات نہیں کرے گا اور ایسی تمام ملاقاتوں میں وزارت خارجہ کی جانب سے ایک نمائندہ بھی شریک ہو گا۔

وفاقی کابینہ نے ملزم عبدالقادر احسان کی پاکستان سے برطانیہ کو حوالگی ،کراچی پورٹ ٹرسٹ کے چئیرمین کی دو سال کےلئے تقرری اورپاکستان ٹوبیکو بورڈ کے نوٹیفکیشن کی منظوری دیدی۔۔پاکستان ادارہ شماریات میں تین ممبران کی تقرری ،سی پیک اتھارٹی اور چینی وزارت ماحولیات کے درمیان مفاہمتی یاداشت کی ایکس پوسٹ فیکٹو اور رواں مالی سال کے گزشتہ چھ ماہ میں اضافی اخراجات کی اسٹیٹمنٹ جاری کرنے کی منظوری بھی دیدی گئی۔کابینہ نیپرا کی سالانہ رپورٹ کا ایجنڈا اورنیشنل انسٹیٹیوٹ آف انٹیلی جینس اینڈ سکیورٹی اسٹڈیز کے قیام کی سمری موخر کر دی۔

Comments are closed.