عیدالاضحیٰ کے موقع پر عوام کیلئے مہنگائی کا تحفہ، حکومت نے پٹرولیم مصنوعات 5 روپے 40 پیسے تک مہنگی کر دی گئیں۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 5روپے 40 پیسے فی لیٹر اضافے کی منظوری دے دی گئی، مٹی کے تیل کی قیمت میں 1 روپیہ 39 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 1 روپے 27 پیسے، ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 54 پیسے فی لیٹر اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے آج نوٹیفکیشن کے بعد نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات بارہ بجے کےبعد ہوگا، پٹرول کی قیمت 112 روپے 69 پیسے سے بڑھ کر 118 روپے 9 پیسے ہو جائے گی،ہائی سپیڈ ڈیزل 113 روپے 99 پیسے کے بجائے 116 روپے 53 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا، مٹی کے تیل کی قیمت 85 روپے 75 پیسے سے بڑھ کر 87 روپے 14 پیسے جب کہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 83 روپے 40 پیسے سے بڑھ کر 84 روپے 67 پیسے ہو جائے گی۔
دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر قیمتوں میں اضافے سے متعلق پیغام جاری کیا، جس کے مطابق وزیراعظم نے اوگرا کی 11 روپے سے زائد اضافے کی تجویز کے برعکس حد درجہ ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
عالمی منڈی میں گذشتہ کئی ماہ سے پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر اوگرا کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں 11.40 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی تھی۔ اوگرا تجویز کے مطابق پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی غرض سے کیے جانے والے اس فیصلے کے نتیجے میں پڑنے والا بوجھ حکومت خود برادشت کرے گی۔
Comments are closed.