ملکی سطح پر کامیاب پاکستان پروگرام کے رواں ماہ آغاز کا فیصلہ کیا گیا ہے، ہاوسنگ منصوبے، اسکل ڈویلپمنٹ اور آسان قرضوں کو کامیاب پاکستان کے بینر تلے لایا جائیگا۔
وزیراعظم عمران خان نے عوامی فلاح کے منصوبوں میں تیزی لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے ملکی سطح پر “کامیاب پاکستان” پروگرام شروع فوری کرنے کا اعلان کیا تھا، وزیرخزانہ شوکت ترین کی سربراہی میں کامیاب پاکستان پروگرام سے متعلق اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں معاون خصوصی عثمان ڈار، قومی بینک کے سربراہ اور اعلی حکام نے شرکت کی۔
وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ نچلے طبقے کے 40لاکھ خاندان کو کامیاب پاکستان پروگرام میں شامل کریں گے، کسانوں کو سود کے بغیر قرض اور کاروبار کیلئے مالی مدد دیں گے، صوبوں کے عوام کو یونیورسل ہیلتھ انشورنس میں شامل کیا جائیگا۔
معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ اجلاس میں کامیاب پاکستان پروگرام رواں ماہ لانچ کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا، ہاوسنگ منصوبے، اسکل ڈویلپمنٹ اور آسان قرضوں کو کامیاب پاکستان کے بینر تلے لایا جائیگا، ہیلتھ کارڈز اور زرعی خدمات کو بھی کامیاب پاکستان پروگرام کا حصہ بنایا جائیگا،اس حوالے سے حکومت نے اربوں روپے کا بجٹ مختص کر دیا ہے۔
عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ کامیاب پاکستان حکومت کا فلاحی ایجنڈے پر مشتمل سب سے بڑا پروگرام ہو گا، حکومت ہر خاندان میں سے 1 فرد کو ٹیکنیکل ایجوکیشن دے گی، منصوبے کے ذریعے ملک بھر کی عوام کو سستی ہاوسنگ اسکیم میں شامل کیا جائے گا۔ مائیکروفنانسنگ کے ذریعے نچلے طبقے کی مدد کا طریقہ کار بھی طے ہو گا۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے ملک گیر سطح پر عوامی فلاح کے اقدامات کی ہدایت کی ہے، نوجوانوں اور کسانوں کے ساتھ ساتھ ہر پاکستانی منصوبے سے براہ راست فائدہ اٹھا سکے گا، وزیر خزانہ سے مشاورت مکمل کر لی ہے، پروگرام چند دنوں میں لانچ کر دیا جائیگا۔
Comments are closed.