اسلام آباد:ریگولر حج اسکیم میں درخواست جمع کروانے کا آج آخری دن ہے۔ بینک اوقات کے اختتام کے ساتھ ہی ریگولر حج اسکیم میں داخلہ بند ہو جائے گا ۔ اسپانسرشپ حج اسکیم میں داخلہ کیلئے 31 دسمبر تک توسیع کر دی گئی۔انتظامات کو بروقت مکمل کرنے کیلئے مزید توسیع نہیں دی جائے گی۔
ترجمان وازرت مذہبی امور نے کہاکہ ریگولر حج اسکیم میں 66 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہو ئی ہیں جو کوٹے سے زائد ہیں، ریگولر حج اسکیم کی درخواستوں پر قرعہ اندازی 28 دسمبر کو ہو گی ۔ دوسری جانب سمندر پار پاکستانیوں کے اصرار پر اسپانسرشپ سکیم میں مزید 9 دن کی توسیع کی گئی ہے اور پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر درخواستوں کی وصولی 31 دسمبر تک جاری رہے گی ۔ بیرون ملک سے عازمین حج 31 دسمبر تک ڈالر میں رقوم بھجوا سکیں گے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ سعودی ایوی ایشن نے فضائی کمپنیوں کوحج پروازوں کا شیڈول جمع کرانے کیلئے دو جنوری کی ڈیڈ لائن دی ہے اس لیے مزید توسیع نہیں دی جائے گی،حج درخواست گزار متعلقہ بینک سے کمپیوٹرائزڈ حج فارم کی دستخط شدہ کاپی ضرور حاصل کریں اورکوائف میں غلطی کی صورت میں متعلقہ بینک سے فوری درستگی کروائیں۔
Comments are closed.