حج پالیسی 2024کا اعلان کر دیا گیا، 27نومبر سے حج درخواستوں کی وصولی شروع ہو گی

 اسلام آباد:نگران وفاقی وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد نے حج پالیسی 2024کا اعلان کر دیا۔۔ 27نومبر سے حج درخواستوں کی وصولی شروع ہو گی جبکہ پہلی حج پرواز 9مئی کو حجاز مقدس روانہ ہو گی،1 لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی حج کی سعادت حاصل کریں گے،50 فیصد کوٹہ  پرائیویٹ  حج  ٹور آپریٹرزکو دیا گیاہے ۔

انیق احمد کا کہنا ہے حج پیکج میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔۔ عازمین حج کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ترجیح ہے۔۔ وزیر مذہبی امور کی پریس کانفرنس کی تفصیلات اسلام آباد سے شہریار خان کی اس رپورٹ میں۔۔

وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی میں حج پالیسی 2024پہ بریفنگ دیتے ہوئے نگران وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا حج پالیسی پر تین ماہ کام کیا۔۔ ہم وقت سے پہلے ہر کام اس لیے کرنا چاہتے تھے کہ عین وقت پر کوئی مشکل نہ پیش آئے۔۔ انیق احمد کا کہنا تھا وزیر اعظم نے اس سلسلے میں ہر قدم پر ہماری راہنمائی کی۔۔ سعودی حکومت نے بھی بھرپور تعاون کیا۔۔ کل یہ پالیسی کابینہ سے منظور ہو چکی ہے۔۔

نگران وزیر مذہبی امور انیق احمد کا کہنا تھا پاکستان کی تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا کہ حج گزشتہ سال کی نسبت سستا ہوا ہو۔۔ ہم نے یہ بھی کر دکھایا ہے۔۔ گزشتہ سال حج 11لاکھ 75ہزار کا ہوا تھا اس سال ہم اس پیکج کو 10لاکھ 75ہزار تک لے آئے ہیں جبکہ ہماری خواہش ہے کہ اس ایک لاکھ کے ریلیف کے علاوہ جتنا ریلیف ائیر لائنز سے مل سکتا ہے وہ لیں،، ائیر ٹکٹ سے جو پیسے بچیں گے وہ بھی حجاج کے اکائونٹ میں جائیں گے۔۔

انیق احمد نے اعلان کیا کہ حج 2024ڈیجیٹل حج ہو گا۔۔۔ پاک حج ایپلیکیشن متعارف کروا رہے ہیں جس کے ساتھ 7جی بی ڈیٹا بھی مفت دیا جائے گا۔۔ نیٹ ختم ہونے کی صورت میں بھی یہ ایپ استعمال ہو گی۔۔ پاکستانی عازمین حج کو لوکل کال بھی اس پر میسر ہو گی جبکہ ترک اور ملائیشین خواتین کی طرح پاکستانی خواتین کو پاکستانی پرچم جیسا عبایا بھی فراہم کیا جائے گا۔۔

وزیر مذہبی امور نے بتایا کہ اس سال مختصر مدت کا حج بھی کیا جا سکے گا۔۔۔ سپانسر شپ کے ذریعہ حج کے لیے کوئی قرعہ اندازی نہیں ہو گی۔۔ اس سال روڈ ٹو مکہ کی سہولت کراچی کو بھی شامل کیا گیا ہے

Comments are closed.