کینیڈا میں ایک گھر میں آتشزدگی سے پاکستانی خاندان کے7 افراد جاں بحق

کینیڈا کی ریاست البرٹا کے شہر کیلگری کے نواح میں گھر میں آتشزدگی کے باعث پاکستان سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے سات افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔

کینیڈا کے شہر کیلیگری میں صبح سویرے گھر میں لگنے والی آگ پر بروقت قابو نہ پایا جا سکا، جس کے باعث پاکستانی نژاد فیملی کے 7 افراد جھلس کر جاں بحق ہو گئے،جاں بحق ہونے والوں میں امجد کمال، بیگم رافعہ رشید اور 5 بچے شامل ہیں۔

آتشزدگی کے واقعے میں ایک شخص اور 4 بچے محفوط رہے، جاں بحق ہونے والی پاکستانی فیملی کا تعلق کراچی سے ہے۔ پولیس کے مطابق آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی، تاہم ابتدائی تحقیقات میں اس واقعے کے پیچھے کوئی مجرمانہ سرگرمی کا سراغ نہیں ملا۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے بچوں سمیت 7 پاکستانی نژاد کینیڈین شہریوں کی اموات پر دکھ، افسوس اور متاثرہ خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا، واقعے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی۔زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا ہے کہ وینکوور میں پاکستانی قونصلیٹ متاثرہ خاندان اور کینیڈین حکام سے رابطے میں ہے، پاکستانی قونصل خانے نے متاثرہ خاندان کو ہر ممکن تعاون اور مدد کی پیشکش کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستانی قونصل خانہ کا عملہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لئے کینیڈین حکام سے رابطے میں ہیں، متعلقہ کینیڈین حکام کے مطابق تاحال گھر میں آگ لگنے کی وجہ سامنے نہیں آ سکی، تاہم ابتدائی تحقیقات میں حادثے کے پیچھے مجرمانہ سرگرمی کی نشاندہی نہیں ہوئی۔

Comments are closed.