پاکستان انڈیا میں ورلڈ کپ نہیں کھیلے گا تو دیکھے گا کون؟

ہمارا دو ٹوک موقف ہے وہ (انڈین ٹیم) آئیں گے تو ہی ہم ورلڈکپ میں جائیں گے نہیں آئے تو کروا لیں پھر ورلڈکپ ہمارے بغیر،چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کی میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد : پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے کہا ہے کہ اگر پاکستان آئندہ برس انڈیا میں شیڈول ورلڈکپ میں شرکت نہیں کرے گا تو دیکھے گا کون؟

سعودی ویب سائیٹ اردو نیوز کے مطابق اسلام آباد میں جمعرات کی شب ایک تقریب کے سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا کہ ہمارا دو ٹوک موقف ہے وہ (انڈین ٹیم) آئیں گے تو ہی ہم ورلڈکپ میں جائیں گے نہیں آئے تو کروا لیں پھر ورلڈکپ ہمارے بغیر۔

رمیز راجہ نے کہا کہ ہم جارحانہ انداز اپنائیں گے، ہماری ٹیم پارفارمنس دِکھا رہی ہے، ہم نے دنیا کے بڑے بزنس بنانے والی کرکٹ ٹیم کو ہرایا ہے، ہم ٹی20 ورلڈ کپ کا فائنل کھیل کر آئے ہیں۔ انڈین کرکٹ بورڈ یا ایشین کرکٹ کونسل سے انڈیا کی جانب سے پاکستان میں ایشیا کپ نہ کھیلنے کے حوالے سے تاحال بات نہیں ہوئی لیکن جب بھی موقع ملے گا ہم یہ بات ضرور کریں گے اور ہمارا دو ٹوک موقف ہے وہ آئیں گے تو ہم بھی کھیلنے جائیں گے۔

چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا کہ میں ہمیشہ سے کہتا تھا کہ ہم نے پاکستان کرکٹ کی معیشت کو بہتر کرنا ہے اور وہ ایک ہی صورت میں ہوگی جب ہماری ٹیم بہتر پرفارم کرے گی، ہم نے 2021 کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں انڈیا کو ہرایا، ایشیا کپ میں ہم نے انڈیا کو ہرایا، ایک سال میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے دو مرتبہ بلین ڈالر اکانومی کے بورڈ کو ہرایا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کھلاڑیوں کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے کی تقریب کے دوران چئیرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا کہ جب سے پاکستان کرکٹ بورڈ کا چیئرمین بنا ہوں وہ سب کچھ کرنے لگ گیا ہو جو پہلے نہیں کرتا تھا، ٹیم جب میدان میں کھیلتی ہے تو دل کی دھڑکنیں بے ترتیب ہو جاتی ہے۔

ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ نے رواں برس میں بیان دیا تھا کہ انڈین کرکٹ ٹیم اگلے سال ہونے والے ایشیا کپ کے لیے پاکستان نہیں جائے گی اور ہوسکتا ہے یہ ٹورنامنٹ کسی نیوٹرل مقام پر منتقل کردیا جائے۔

اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق ’اس بیان سے انڈیا میں شیڈول ورلڈ کپ اور 2024 سے 2031 تک بھارت میں شیڈول آئی سی سی کے ایونٹس میں پاکستان کی شرکت پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے یہ بھی کہا گیا تھا کہ یہ بیان اے سی سی بورڈ یا پی سی بی سے مشاورت کے بغیر دیا گیا ہے۔

ایشیا کپ آئندہ برس پاکستان میں شیڈول ہے۔ پاکستان کی میزبانی میں کھیلے جانے والا ایشیا کپ 2023 کے وسط میں کھیلا جائے گا جس کا فارمیٹ ون ڈے رکھا گیا ہے۔ ایشیا کپ کے بعد 2023 میں انڈیا میں ون ڈے کرکٹ کا عالمی کپ شیڈول ہے۔

Comments are closed.