آئی جی اور چیف سیکریٹری کان کھول کر سن لو! آپ کی تقرری میں نے کی تھی، عمران خان
آئی جی پنجاب! سن لو، تمہیں میں نے ایماندار ہونے کی وجہ سے رکھا تھا، یہ پیسے بانٹ رہے ہیں، سب ان سے پیسہ لیں مگر ٹھپہ بلے پر لگائیں، 17 جولائی کو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا، عمران خان
شیخوپورہ: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ لوٹوں کے اوپر پیسے خرچ کیے جا رہے ہیں۔
شیخوپورہ میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے پی ٹی آئی کے زیر اہتمام منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ الیکشن کمیشن حمزہ ککڑی سے مل کر لوٹے جتانے کی کوشش کر رہا ہے۔ مہنگائی کے باعث کسان بہت پریشان ہے، ڈیزل کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے صنعت بھی متاثر ہو رہی ہے، تحریک انصاف پاکستان کی سب سے بڑی جماعت بن چکی ہے۔عمران خان نے کہا کہ میرا خاندان سیاست میں نہیں تھا، میں گھر سے اکیلا نکلا تھا آہستہ آہستہ قافلہ بڑھتا گیا، تحریک انصاف واحد جماعت ہے جو سارے پاکستان میں ہے، مجمع دیکھ کر اپنے امیدوار کو مبارک دیتا ہوں وہ الیکشن جیت گئے ہیں، کوئی لوٹا آپ کا مقابلہ نہیں کر سکتا، کسی رنگ کا لوٹا اس جنون کا مقابلہ نہیں کر سکتا، لوٹوں پر بڑے نوٹ خرچ کیے جا رہے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ حمزہ شہباز جو مرضی کر لو یہ الیکشن نہیں جیت سکتے، الیکشن کمیشن پوری طرح جانبدا ر ہے، ٹیم بنا کر میدان میں نکلیں تو کوئی شکست نہیں دے سکتا، یہ دو نظریوں کا مقابلہ ہے، ایک نظریہ پاکستان کا ہے، حقیقی آزادی کی جدوجہد میں ماں بہنیں کے ساتھ بچے بھی نکلیں، پاکستان کی حقیقی آزادی کی جدوجہد میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔عمران خان نے کہا کہ چین نے 35 سال میں 70 کروڑ افراد کو غربت کی لکیر سے نکال دیا، یہ کشمیریوں کی قربانیوں کو نظر انداز کررہے ہیں، انہیں کسی بھی طرح چوری کا پیسہ چاہیے، پیسے کی خاطر یہ اسرائیل کو بھی تسلیم کرنے کیلئے تیار ہیں، مغربی بینکوں اور آف شور کمپنیوں میں ان کے پیسے پڑے ہیں، لندن میں بڑے محلات ہیں، زرداری اور نواز شریف کے ہوتے ہوئے ہمارے ملک میں ڈرون حملے ہوئے، ان کی ایک بار بھی جا ت نہیں ہوئی کہ امریکا کو ڈرون حملوں سے منع کریں۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ یہ کبھی اپنے مفادات کے خلاف ملک کی خاطر کھڑے نہیں ہوں گے، یہ ہمیشہ قوم کو بھکاری کہیں گے، ان چوروں کی وجہ سے پاکستان ایک عظیم اور خوددار ملک نہیں بن سکا، میں کشمیریوں کی قربانیوں کو نظر انداز کر کے بھارت سے دوستی نہیں کر سکتا، ہم سب سے دوستی چاہتے ہیں، ہم بھی امریکہ سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں مگر غلامی نہیں چاہتے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ ہندوستان میں مجھے جتنی عزت ملی شاید ہی کسی پاکستانی کو ملی ہو، میں بھی چاہتا ہوں کہ ہندوستان سے دوستی ہو لیکن کشمیری کی قربانیوں کی قبرپرہندوستان سے دوستی نہیں کر سکتا، امریکہ کہتا ہے کہ روس نہ جاؤ، امریکہ سے پوچھتا ہوں تم ہو کون مجھے منع کرنے والے؟ ہندوستان امریکہ کا اتحادی ہے۔ امریکہ کا اتحادی ہوتے ہوئے ہندوستان روس سے 30 فیصد سستا تیل خرید رہا ہے، یہاں امریکہ کے غلاموں کی جرات نہیں ہے روس سے تیل لینے کی، امریکہ کا نام سن کر ان کی کانپیں ٹانگنے لگ جاتی ہیں۔عمران خان نے کہا کہ امریکہ میں کوئی ضمانت پر ہو تو اسے چپڑاسی بھی نہیں رکھتے، یہاں ضمانت پر ہونے والے شخص کو وزیراعظم بنا دیا، امریکہ نے 22 کروڑ عوام کی توہین کی ہے، امریکا چاہتا ہے یہ لوگ اس کو سلیوٹ کریں، کسی قوم کی اس سے بڑی توہین نہیں ہو سکتی۔
سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ جس جس پولیس والے نے تشدد کیا اس کا نام ہم نے نوٹ کیا ہے، آئی جی اور چیف سیکریٹری کان کھول کر سن لو! آپ دونوں کی تقرری میں نے کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی پنجاب! سن لو، تمہیں میں نے ایماندار ہونے کی وجہ سے رکھا تھا، یہ پیسے بانٹ رہے ہیں، سب ان سے پیسہ لیں مگر ٹھپہ بلے پر لگائیں، 17 جولائی کو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔
Comments are closed.