اسلام آباد ہائی کورٹ نے چینی انکوائری کمیشن کی تشکیل کے خلاف رپورٹ کالعدم قرار دینے سے متعلق انٹرا کورٹ اپیل مسترد کردی۔ عدالت نے چینی انکوائری رپورٹ قانون کے مطابق قرار دے دی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلہ سناتے ہوئے شوگر انکوائری کمیشن کی تشکیل اور انکوائری رپورٹ درست قرار دے دی، عدالت عالیہ نے اداروں کو چینی بحران کے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی جاری رکھنے کی ہدایت کی، شوگر ملز مالکان کی انکوائری کمیشن رپورٹ پر کارروائی روکنے کی استدعا مسترد کردی۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس لبنیٰ سلیم پرویز پرمشتمل دو رکنی بینچ نے پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کی انٹراکورٹ اپیل پر محفوظ فیصلہ سنایا۔ عدالت نے چیف جسٹس اطہر من اللہ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے قراردیا کہ چینی بحران کے ذمہ داروں کے تعین کے لیے انکوائری کمیشن کی تشکیل اور رپورٹ کو محض تکنیکی نقائص کے شک پر کالعدم قرار نہیں دیا جاسکتا۔
اس سے قبل چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے پہلے ہی پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کی درخواست مسترد کردی تھی جس کے خلاف شوگر ملز مالکان نے انٹرا کورٹ اپیل دائر کی تھی۔
Comments are closed.