ڈپٹی کمشنر اسلام آباد ،ایس ایس پی آپریشنز سمیت 4 افسران پر  فرد جرم عائد

 اسلام آباد:پی ٹی آئی رہنماؤں کی ایم پی او آرڈرز کے تحت گرفتاری پرڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور ایس ایس پی آپریشنز سمیت چار افسران پر توہینِ عدالت کیس میں فرد جرم عائد کردی گئی ہے ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستارنے کہاکہ آپ بھی کچھ عرصہ جیل میں رہ لیں تاکہ معلوم ہو کہ دوسرے جیل میں کیسے رہتے ہیں۔اسلام آباد ہائیکورٹ  نے غیر مشروط معافی کی استدعا مستردکر دی ۔

ڈپٹی کمشنر اورپولیس افسران کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے کی۔ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی آپریشنز کی جانب سے عدالت میں وضاحتی جواب جمع کرایا گیا ۔جسٹس بابر ستارنے کہاکہ آج تو ہم نے چارج فریم کرنے کا دن کا رکھا ہوا ہے۔ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے کہا کہ افسران نے غیرمشروط معافی مانگی ہے، فرد جرم عائد نہ کی جائے ۔

 جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دئیے کہ کیسے فرد جرم عائد نہ کریں؟ توہینِ عدالت کامعاملہ یہاں چل رہا ہے، آپ پھر بھی ایم پی او آرڈرز جاری کر رہے ہیں، اس کیس میں 6 ماہ کی قید ہے، آپ بھی کچھ عرصہ جیل میں رہ لیں تاکہ معلوم ہو کہ دوسرے جیل میں کیسے رہتے ہیں، جو ثابت کرناہے ٹرائل میں کیجیے گا۔ عدالت نے تمام نامزد افسران پر فرد جرم عائد کردی تاہم چاروں افسران نے صحت جرم سے انکار کیاہے۔عدالت نے وکیل قیصر امام کو کیس میں پراسیکیوٹر بھی تعینات کر دیا۔

Comments are closed.