بھارتی پولیس کی درندگی، معمر خاتون کو گاڑی سے کچل دیا، عوام سراپا احتجاج

سری نگر: غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی سیکورٹی فورسز بے لگام ہو گئیں، بھارتی پولیس نے جان بوجھ کر معمر خاتون کو گاڑی تلے کچل دیا۔ سری نگر سے نامعلوم شخص کی لاش ملی ہے جب کہ بارہ مولہ میں دستی بم کے دھماکے میں 6 افراد زخمی ہو گئے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ وادی کے ضلع کولگام میں دانستہ طور پر بھارتی پولیس کی گاڑی نے ٹکر مار کر ایک معمر خاتون کے جاں بحق ہونے کے خلاف احتجاج کیلئے لوگ سڑکوں پرنکل آئے اور بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔

مظاہرین نے خاتون کی میت کی سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا اور آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعرے بلند کئے۔ انہوں نے گاڑی کے ڈرائیو سمیت واقعے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے کئی گھنٹوں تک سڑک بلاک رکھی جس سے ٹریفک کی آمد و رفت معطل رہی۔

ادھر بھارتی فوجیوں نے ضلع بارہمولہ کے علاقے وینیگام پٹن میں بڑے پیمانے پرتلاشی اور محاصرے کی کارروائی شروع کی۔غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں سرینگر سے ایک نامعلوم شخص کی لاش ملی ہے۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق یہ لاش سرینگر کے علاقے بمنہ میں جے وی سی ہسپتال کے قریب سیلابی نالے سے ملی ہے،ادھر ضلع بارہمولہ کے علاقے آزاد گنج میں دستی بم کے ایک دھماکے میں چھ افراد زخمی ہو گئے ہیں،جموں کے ضلع ریاستی میں بھارتی فوجیوں نے گھروں پر چھاپوں کے دوران تین کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

Comments are closed.