آئی ایم ایف 200 یونٹ والے بجلی صارفین کے لیے ریلیف پر رضامند

اسلام آباد:آئی ایم ایف نے 200 یونٹ والے بجلی صارفین کے لیے ریلیف دینے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔آئی ایم ایف نے 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے بلوں کی 3 ماہانہ اقساط میں وصولی کی اجازت دیدی ہے تاہم اس کے بدلے میں مطالبہ کیا ہے کہ جولائی سے گیس کی قیمتوں میں50 فیصد تک اضافہ اور بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے ۔

وزارت توانائی کے ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے مشروط طور پر ان صارفین کے اگست کے مہینے کے بجلی کے بلوں کی 3 ماہ میں وصولی کی اجازت دی ہے جو سبسڈی کے حقدار نہیں ہیں اور 200 یونٹس ماہانہ تک استعمال کر رہے ہیں۔لائف لائن اور پروٹیکٹڈ صارفین اس عارضی ریلیف کے اہل نہیں ہوں گے کیوں کہ ان کی بجلی کی قیمتوں میں گزشتہ ماہ اضافہ نہیں کیا گیا تھا۔ اس طرح صرف 40 لاکھ یا تقریباً 10فیصد صارفین ہی عارضی ریلیف کے اہل ہوں گے۔

حکومت نے آئی ایم ایف سے درخواست کی تھی کہ وہ 400 یونٹ ماہانہ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے بلوں کی قسطوں میں وصولی کی اجازت دے، جس سے 32 ملین یا 81 فیصد صارفین کو ریلیف ملنا تھا، لیکن آئی ایم ایف نے پاکستان کی درخواست قبول نہیں کی۔ 100 یونٹ تک کے صارفین کے لیے حکومت نے فی یونٹ قیمت 7 روپے 28 پیسے بڑھا کر24 روپے 21 پیسے فی یونٹ جب کہ101 سے 200 یونٹ والے صارفین کے لیے قیمتوں میں8 روپے 28 پیسے فی یونٹ اضافہ کرکے30 روپے 68 پیسے فی یونٹ کر دی ہے۔

Comments are closed.