وزیراعظم عمران خان اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلیفون پر رابطہ ہوا ہے، دونوں نے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لئے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم عمران خان اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فون پر بات ہوئی جس میں کورونا وائرس کی تازہ صورتحال، انسداد پولیو مہم،صحت اور ترقی سے متعلق معاملات اور ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم نے دنیا بھر میں غربت کے خاتمے، کورونا وباء کے خلاف جنگ اور تفریق کے خاتمے کیلئے بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے اقدامات کو سراہا۔
گیٹس فاؤنڈیشن کی انسداد کورونا ویکسین تک مساوی رسائی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ غریب اور کم آمدن والے ممالک کو بروقت اور شفاف رسائی انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے بل گیٹس کو ماحولیات کے تحفظ کے لیے پاکستان کے اہم منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا،جس پر بل گیٹس نے ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لئے پاکستان کے عزم کا تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کواس عالمی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے مل کر کوششیں کرنا چاہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے باعث دنیا کا خوراک کا نظام خطرے سے دوچار ہے، عالمی رہنما اس چیلنج سے نمٹنے کے لئے زرعی تحقیق میں سرمایہ کاری کو ترجیح دیں۔ بل گیٹس نے وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیا کہ نامور شخصیات کے ذریعے آگاہی مہم سے چھوٹے کسانوں کیلئے عالمی مدد لی جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ کورونا کے چیلنج کے باوجود پاکستان سے پولیو کے خاتمے کی مہم جاری رکھی گئی جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، پولیو سے پاک پاکستان کا مقصد حاصل کرنے کیلئے ملک بھر میں کوششیں مزید تیز کی جائیں گی۔
Comments are closed.