پاکستان سعودی عرب باہمی تعاون کے فروغ کیلئےسپریم کوآرڈینیشن کونسل قیام کا اعلان

وزیراعظم عمران خان اورسعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا کشمیر، افغانستان سمیت تمام علاقائی تنازعات کے سیاسی حل پر زور

وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے، دونوں رہنماؤں نے مشترکہ مفادات پر مبنی باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لئے ، سعودی پاکستان سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے آغاز کا اعلان کیا۔

تین روزہ دورہ سعودی عرب پر موجود وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ملاقات اور وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری، توانائی کے شعبے میں تعاون اورسعودی عرب میں ‏پاکستانیوں کے لیے ملازمت کے مواقع بڑھانے پرزوردیا گیا۔ وزیراعظم نے ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے “گرین سعودی عرب اورگرین مشرق ‏وسطیٰ” کے اقدامات کوسراہتے ہوئے “10 ارب درخت” سمیت ماحول سے متعلق پاکستانی ‏اقدامات میں ہم آہنگی پیدا کرنے کی امید ظاہرکی۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون سے زیادہ سے زیادہ باہمی فائدہ اٹھانے پر تبادلہ خیال ‏کیا۔

‎ ملاقات کے دوران دوطرفہ سیاسی، اقتصادی، تجارتی، دفاعی اور سلامتی کے شعبوں میں تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا، خاص طور پر پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کے فروغ، توانائی کے شعبے میں تعاون اور سعودی عرب میں پاکستانیوں کے لئے ملازمتوں کے مواقع بڑھانے پر خصوصی زور دیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے دو لاکھ سے زائد پاکستانیوں کے تعمیری اور مثبت کردار کو سراہتے ہوئے افرادی قوت کے شعبے میں باہمی مفاد میں تعاون بڑھانے کے مواقع پر بات کی، وزیراعظم نے کورونا وباء کے دوران پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کیلئے قابل قدر اقدامات پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔

علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے قومی اقتصادی ترقی کے لئے پرامن ہمسائیگی کے وژن پر روشنی ڈالی اس کے ساتھ ساتھ بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی صورتحال اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا۔عمران خان نے افغانستان میں امن اور مصالحتی کوششوں کے لئے پاکستان کی کوششوں سے بھی سعودی ولی عہد کو آگاہ کیا۔ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے سعودی عرب کی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کیلئے پاکستان کی ‏مستقل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعظم نے رمضان المبارک کے خصوصی ایام میں مقامات مقدسہ میں جانے کا موقع ‏فراہم کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے سعودی فرمانروا کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔

وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے سعودی پاکستان سپریم کوآرڈی نیشن کونسل کے قیام کیلئے معاہدے پردستخط کیے جس کا مقصد پاک سعودی تعلقات کو تذویراتی سمت دینا ہے، اس کونسل کی سربراہی وزیراعظم عمران خان اور شہزادہ محمد بن سلمان مشترکہ طور پر کریں گے۔ عمران خان نے امید ظاہر کی کہ یہ کونسل دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے اہم کردار ادا کرے گی۔اس موقع پر متعدد باہمی معاہدوں، مفاہمت کی یادداشتوں دستخط بھی کئے جن میں جرائم کے خاتمے کیلئے سزا یافتہ قیدیوں کے تبادلے، منشیات اسمگلنگ کی روک تھام کے لئے باہمی مفاہمت کی یادداشتوں، توانائی، پن بجلی گھر، مواصلات اور آبی وسائل کی ترقی کے منصوبوں کیلئے 50 کروڑ ڈالر تک کی مالی اعانت کے لئے فریم ورک کا ایم او یو شامل ہے۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان تین روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچے تو جدہ ایئرپورٹ پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد سلمان کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی جس میں پاک سعودی تعلقات، خطے کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

واضح رہے کہ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ پہلے ہی سعودی عرب میں موجود ہیں انہوں نے گزشتہ روز سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقاتیں کیں، جن میں علاقائی امن و استحکام اور افغان امن عمل پر بات چیت کے ساتھ ساتھ دفاع اور سیکورٹی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید ‏بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

Comments are closed.