بھارتی مظالم کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد میں ساتھ دیتے رہیں گے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کے مظالم کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد میں ساتھ دیتے رہیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے یوم الحاق پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج کے دن کشمیریوں نے پاکستان سے الحاق کی قرارداد منظور کی تھی اور اس کی یاد میں آج یوم الحاق پاکستان منارہے ہیں۔ ہم کشمیریوں کی تحریک حق خودارادیت اور جدوجہد آزادی میں ساتھ دینے کےعزم کی تجدید کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ کشمیریوں کا حق خودارادیت اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل نے تسلیم کررکھا ہے، کشمیری ہندوتوا نظریے والی مودی سرکار کے غیرقانونی اور ظالمانہ اقدامات کے خلاف جدوجہد کررہے ہیں، پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی بھارتی حکومت کے مظالم کے خلاف جدوجہد میں ساتھ دیتے رہیں گے، کشمیریوں کو ایک دن ضرور انصاف ملے گا۔

Comments are closed.