بھارتی منفی پروپیگنڈے کو ناکام بنا کر مودی سرکارکا اصل چہرہ دنیا کے سامنے لایا جائے،وزیراعظم

وزیر اعظم  عمران  خان نے کہاہے کہ بھارتی منفی  پروپیگنڈے کو ناکام بنا کر مودی  سرکار کا   اصل چہرہ   دنیا کے سامنے لایا جائے ۔پاکستانی میڈیا اس کے لیے اپنا  بھرپور کردار ادا کرے ۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت  اہم  اجلاس ہوا جس میں وزیر خارجہ ، وزیر  داخلہ اور   وزیر اطلاعات  سمیت  وفاقی وزراء نے  شرکت کی ۔ اجلاس میں بھارتی  پراپیگنڈے اورہائبرڈ وارفئیر  کے  خلاف  حکمت  عملی پر  غور کیا گیا۔

اجلاس  سے  خطاب کرتے ہوئے  وزیر اعظم عمران  خان  نے کہاکہ  مودی  سرکارکی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں،غیر آئینی اقدامات سے   عالمی توجہ  ہٹانے  کے  لیے  بھارتی میڈیا پاکستان کے خلاف بے بنیاد اور منفی پراپیگنڈہ کر رہاہے ۔بھارتی منفی   عزائم کو ناکام بنانے  کے لیے   بےبنیاد اور من گھڑت مہم کا مقابلہ حقائق سے کیا جائے اور بھارت کا اصل چہرہ  دنیا کے سامنے لایاجائے، توقع ہے کہ  پاکستانی میڈیا اس کے لیے اپنا  بھرپور کردار ادا کرے گا۔۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان سے افغانستان کے وزیر صنعت و تجارت نثار فیضی غوریانی   نے بھی  ملاقات  کی ۔ وزیراعظم نے کہا کہ افغان  تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں ، جنگ بندی اور تشدد کے خاتمے کے لئے تمام  فریقین  اقدامات کریں ۔ افغانستان میں امن علاقائی روابط بڑھانے اور معاشی تعاون کے نئے مواقع فراہم کرے گا۔ ملاقات میں وزیراعظم نے مزار شریف ، کابل ، پشاور ٹرانس افغان ریلوے لائن منصوبے ”  کا تذکرہ کیا ۔۔ افغان وزیر تجارت نے صدر اشرف غنی کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور افغان امن عمل میں مدد پر  پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔

Comments are closed.