مدینہ واقعہ کا الزام لگانے والوں کوشرم آنی چاہیے، کرپٹ ٹولے کیساتھ ہرجگہ ایسا ہوگا، عمران خان

سابق وزیراعظم عمران خان نے مسجدِ نبوی ﷺ میں پیش آنے والے واقعے کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ کرپٹ حکمران کہیں بھی جائیں ان کے ساتھ ایسا ہی ہوگا جیسا روضہ رسول ﷺ پر ہوا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ مدینہ میں جب واقعہ پیش آیا تو سب کو پتا ہے کہ ہم شب دعا منا رہے تھے ہم نے اس کا اعلان کیا ہوا تھا، شب دعا ختم ہونے پر ہمیں معلوم ہوا کہ مدینہ میں کیا ہوا ہے، پھر ان کی جانب سے مہم چلائی جاتی ہے کہ یہ سب کچھ ہم نے کروایا ہے۔

سابق وزیراعظم نے چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ کہیں بھی عوام میں باہر جائیں گے تو ان کے ساتھ یہی ہوگا، ان کے خلاف جو لندن اور امریکا میں ہو رہا ہے یہی ہوگا، انہیں اندازہ نہیں ہے کہ پاکستانیوں کو ان پر کتنا غصہ ہے، پاکستانی اسے ذلت سمجھتے ہیں کہ چوروں کو ہم پر بٹھا دیا گیا ہے، بیرونِ ملک پاکستانی سمجھتے ہیں کہ کتنی بڑی سازش ہوئی ہے۔

عمران خان کا  کا کہنا تھا  مدینے واقعے کو ہمارے اوپر ڈالنا کہ ہم نے مسجدِ نبوی ﷺ کے احاطے میں ان کے خلاف نعرے بازی کروائی ہے ان کو اس بات پر شرم آنی چاہیے، جس کے دل میں نبی ﷺ بستے ہیں وہ ایسا کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا، ان کی چوری کے خلاف عوام ہمارے ساتھ نکل رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ اس سے شرمناک چیز کیا ہوگی کہ آپ کسی کو ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیں، جس طرح انہوں نے شیخ رشید کے بھتیجے کے خلاف کیا ہے یہ شرمناک ہے، ہمیں ان سے یہی توقع ہے، انہوں نے ہر قسم کے جھوٹے کیسز ہم پر ڈالنے ہیں۔

Comments are closed.