نواز شریف کو وطن واپس لانے کیلئے تمام قانونی ذرائع استعمال کیے جائیں گے، عمران خان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عدالتوں کو مطلوب افراد کو واپس لانا حکومت کی ذمہ داری ہے، اپوزیشن کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے نواز شریف کی وطن واپسی کے لیے تمام قانونی ذرائع استعمال میں لائے جائیں۔

وزیراعظم کی زیرصدارت حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کا اجلاس پارلیمنٹ میں اسلام آباد میں ہوا، جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال میں اپوزیشن کے بیانیہ کے حوالے سے حکمت عملی پر غور کیا گیا، پارلیمنٹ میں قانون سازی سے متعلق ترجمانوں کو بریفنگ جب کہ نواز شریف کو وطن واپس لانے سے متعلق اقدامات پرحکومتی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے نوازشریف کی صحت پر سیاست کی، اپوزیشن کی توجہ ملکی مفاد نہیں بلکہ مقدمات سے چھٹکارا حاصل کرنا ہے، اپوزیشن کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے، عدالتوں کو مطلوب افراد کو واپس لانا حکومت کی ذمہ داری ہے، نواز شریف کی واپسی کے لیے تمام قانونی ذرائع استعمال میں لائے جائیں۔

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) قوانین کی منظوری کے حوالے سے حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمانوں کو ملکی معاشی صورتحال میں بہتری کو مؤثر طور پر اجاگر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ معیشت سے متعلق فیصلوں کے ثمرات آنا شروع ہو گئے، اب پوری توجہ بہتر معاشی اعشاریوں کے ثمرات عوام تک پہنچانے پر ہے۔

Comments are closed.