اپوزیشن جلسے کرے یا دھرنے دے، بدعنوان عناصرکو این آر او ملے گانہ مفاہمت ہوگی، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن احتجاجی جلسے کرے یا دھرنے دے، کچھ بھی ہوجائے کرپٹ عناصر کو این آر او نہیں ملے گا۔

وزیراعظم عمران خان سے سینیٹر فیصل جاوید اورذیشان خانزادہ نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں ثقافت کے فروغ بالخصوص فلم اورڈرامہ انڈسٹری کی بحالی کیلئے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر اسلامی تاریخ پر مبنی فیچر فلمز اور ڈراموں کی مقامی سطح پر تیاری کے حوالے سے غورکیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان نے نوجوانوں کی مثبت اورتعمیراتی سرگرمیاں بڑھانے پربھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ نوجوان تعمیری سرگرمیوں میں زیادہ سے زیادہ حصہ لیں، رواں ہفتے ٹائیگر فورس کے کنونشن میں نوجوانواں سے خطاب کریں گے۔

سینیٹرفیصل جاوید اورذیشان خانزادہ سے ملاقات کے دوران ملاقات میں سیاسی معاملات اوراپوزیشن کی حکومت مخالف تحریک پربھی گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے اقتدار سنبھالنے کے پہلے دن ہی کہا تھا کہ لوٹ مارکرنے والے اکٹھے ہو جائیں گے۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ حزب اختلاف کی جماعتیں حکومت مخالف جلسے کریں یا احتجاجی دھرنے دیں کچھ بھی ہو جائے بدعنوان عناصر کو این آر او ملے گا اور نہ اس حوالے سے اپوزیشن سے مفاہمت نہیں ہو گی۔

Comments are closed.