مسلح جتھوں کو ملک کا امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پُرتشدد احتجاج کر کے ریاست کو دباؤ میں نہیں لایا جا سکتا، مسلح جتھوں کو ملک کا امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دے سکے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی رہنماوں کا اجلاس ہوا، وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے ملک میں امن و امان کی صورتحال سے آگاہ کیا، اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ تحریک لبیک کو کالعدم قرار دے کر مکمل پابندی عائد کی جارہی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مسلح جتھوں کو ملک کا امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے، پولیس اور سیکورٹی اداروں نے جس جذبہ کے ساتھ امن قائم کیا وہ قابل تحسین ہے، مطالبات کرنا ہر کسی کا حق ہے مگر پرتشدد احتجاج کی اجازت نہیں دی کا سکتی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پولیس اورسیکورٹی اداروں پر فخر ہے، پرتشدد احتجاج کر کے ریاست کو دباو میں نہیں لایا جا سکتا،وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید اور وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری کو صورتحال پر قوم کو اعتماد میں لینے کی ہدایت کی۔

بعد ازاں وزیراعظم عمران خان سے وزیرمذہبی امور نورالحق قادری نے ملاقات بھی کی، وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مذہبی جماعتوں اور علماء کو احترام کرتے ہیں، مذہب کے نام شدت پسندی کی اجازت نہیں دی جا سکتی، ہماری حکومت نے اہم فیصلوں میں علماء و مشائخ کو اعتماد میں لیا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ناموس رسالت کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر آواز اٹھائی ہے اور اٹھاتے رہیں گے،ذرائع وزیراعظم کی ہدایت پر نورالحق قادری نے علماء و مشائخ کو افطار پر مدعو کریں گے، علماء و مشائخ کو تحریک لبیک پر پابندی کے فیصلے پر اعتماد میں لیا جائے گا۔

Comments are closed.