ماحولیاتی تحفظ کے لئے اقدامات نہ کیے تو پاکستان ریگستان بن جائے گا، عمران خان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سےگزشتہ دو برسوں میں گندم کی پیداوارکم ہوئی اگر ماحولیاتی تحفظ کے لیے اقدامات نہ کیے تو پاکستان ریگستان بن جائے گا۔

ٹائیگر فورس ڈے کے موقع پر اسلام آباد میں ملک گیر شجرکاری مہم 2020 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا پاکستان دنیامیں موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونیوالے ممالک میں سرفہرست ہے۔ جنگلات اوردرخت کاٹنےکی وجہ سے درجہ حرارت میں اضافہ اور ملک شدید متاثر ہوا۔

وزیراعظم  کا کہنا تھا کہ پودے لگا کر ماحولیاتی تبدیلی کو روکا جا سکتا ہے، درخت لگانا آئندہ نسلوں کےلیے جہاد کا درجہ رکھتاہے۔ ٹائیگر فورس کے رضاکاروں نے ایک دن میں35 لاکھ درخت لگائے جس پر وہ مبارک باد کے مستحق ہیں، شجرکاری مہم میں حصہ لینے والے تمام افراد کو خراج تحسین پیش کرتاہوں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کا عذاب پوری دنیا پر آیا ہوا ہے، پاکستان نے کورونا کی روک تھام کے لیے اسمارٹ لاک ڈائون کیا۔ اس پالیسی کو دنیا بھر میں سراہاجارہاہے۔ لوگوں نےکوروناکے خلاف جہادکرکے ملک کوموذی وائرس سےمحفوظ بنانےمیں کردار ادا کیا

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں وبا کے پھیلاؤ میں کمی آنے کے باوجود احتیاطی تدابیر پر عمل جاری رکھنا ضروری ہے، عوام سےاپیل ہےماسک ضرور پہنیں۔ انہوں ںے کہا کہ محرم الحرام میں احتیاط کی زیادہ ضرورت ہے، حالات پہلے جیسے نہیں اس مرتبہ موجودہ وبا کے حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے محرم الحرام منایا جائے۔

Comments are closed.