موسمیاتی تبدیلی سے متعلق کانفرنس میں مدعونہ کیےجانے پرتنقید حیران کن ہے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی سے متعلق عالمی کانفرنس میں پاکستان کو مدعو نہ کیے جانے پر مختلف حلقوں کی جانب سے بلاجواز تنقید پر حیران ہوں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے موضوع پر عالمی کانفرنس میں پاکستان کو شرکت کی دعوت نہ دینے پربے ڈھنگی آوازیں بلند کرنے اور غیرضروری تنقید حیران کن ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کی پالیسیوں کا محور ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنا ہے۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے لکھا ہے کہ ہماری پالیسی ’ہماری آئندہ نسلوں کو صاف ستھرا اور سرسبز پاکستان دینے‘ کے عزم کے عین مطابق ہے، اس لئے سرسبز پاکستان، 10 بلین ٹری سونامی، دریائوں کی صفائی جیسے ماحول دوست اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ ہم نے 7 برسوں میں ماحولیاتی تحفظ کا وسیع تجربہ حاصل کیا ہے، تحریک انصاف نے خیبرپختوخوا سے ماحولیاتی تحفظ کے لئے کام آغاز کیا اور ہماری پالیسیوں کو عالمی سطح پر تسلیم اور سراہا گیا، کوئی ریاست ہمارے تجربے سے استفادہ حاصل کرنا چاہتی ہے تو ہم اس کی مدد کے لئے تیار ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ انہوں نے اقوام متحدہ کی ماحولیاتی تبدیلی کانفرنس 2021 اور سی او پی 26 کے لیے ترجیحات بتا دی ہیں، اگر عالمی برادری ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے میں سنجیدہ ہے تو فائدہ اٹھائے۔

Comments are closed.