وزیراعظم عمران خان سے اسلامی فوجی اتحاد کے سربراہ راحیل شریف کی ملاقات

اسلام آباد: سعودی قیادت میں اسلامی عسکری اتحاد کے سربراہ جنرل (ر) راحیل شریف نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں دہشت گردی کے خلاف جنگ اور اسلامی فوجی اتحاد کے اغراض و مقاصد پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان سے اسلامی فوجی اتحاد کے کمانڈر ان چیف راحیل شریف نے وزیراعظم آفس اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں خطے کی سلامتی کی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف جنگ اور اسلامی فوجی اتحاد کے اغراض و مقاصد پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، پاکستان بھی سعودی عرب کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا، دونوں ممالک کے درمیان دفاع سمیت تمام شعبوں میں تعاون بڑھایا جارہا ہے۔

سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف نے وزیرخارجہ سے بھی ملاقات کی جس میں علاقائی امن و استحکام سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، جنرل (ر) راحیل شریف نے وزیر خارجہ کو دہشت گردی کے خلاف اسلامی فوجی اتحاد کے اقدامات سے آگاہ کیا جب کہ اس موقع پر وزیر خارجہ نے اسلامی فوجی اتحاد کی کوششوں کو بھی سراہا۔

جنرل (ر) راحیل شریف نے پارلیمنٹ ہاؤس میں چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی سے بھی ملاقات کی جس میں علاقائی امن و استحکام سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے علاقائی امن و سلامتی کیلئے اسلامی فوجی اتحاد کی کوششوں کو بھی سراہا۔

Comments are closed.