لندن میں بیٹھا مفرورشخص ملکی اداروں کو بدنام، بھارتی ایجنڈا پروان چڑھا رہاہے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستانی مسلح افواج قومی سلامتی کی ضامن ہیں، پاک فوج کے خلاف ایک غیرملکی لابی سرگرم عمل ہے جو پاکستان کو بدنام کرنے کی بین الاقوامی سازش میں مصروف ہے جب کہ لندن میں بیٹھا ایک مفرور ملکی اداروں کو بدنام کر رہا ہے۔

وزیراعظم کی زیرصدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں اپوزیشن کی کثیرالجماعتی کانفرنس کے فیصلوں اور قرارداد کا جائزہ لیا گیا، وزیراعظم نے اپوزیشن کے اکٹھ کو ریاستی اداروں کو بدنام کرنے کی کوشش قرار دیا اور کہا کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس سے قبل پاک فوج کو بدنام کرنا بھارتی سازش کا حصہ ہے اور نون لیگ ایک بار پھر بھارتی ایجنڈے کو فروغ دے رہی ہے۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ بھارت پاکستانی اداروں اور ملک میں عدم استحکام چاہتا ہے، بھارت اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس سے قبل دنیا کی توجہ کشمیر سے ہٹانا چاہتا ہے،بھارتی جریدے ٹائمز آف انڈیا میں شائع خبر اور نوازشریف کی تقریر ایک ہی ایجنڈے کے عکاس ہیں،ن لیگ کے قائد کی تقریر کے بعد پاکستانی اداروں کے خلاف بھارتی میڈیا زہراگل رہا ہے۔

وزیراعظم نے ملکی اداروں کو بدنام کرنے کی سازشوں کو ناکام بنانے کا عزم دہراتے ہوئے کہا کہ عدالتوں اور فوج کو بدنام نہیں ہونے دیں گے، ملک پر جب بھی کوئی آفت آئی فوج نے اپنی قوم کا ساتھ دیا، ٹڈی دل کا حملہ ہوا تو فوج نے اہم کردار ادا کیا، دشمن پاکستان کی فوج کو کمزور کرنا چاہتا ہے، دنیا جانتی ہے کہ لیبیا، عراق، شام جیسے ممالک کمزور فوج کے باعث تباہ ہوئے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کا مقصد لوٹ مار کے لئے اقتدار کا حصول ہے، نہ پہلے بلیک ہوئے نہ اب ہوں گے، بلا تفرق احتساب کا عمل جاری رہے گا۔ اجلاس کے شرکاء نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو اپنی مرضی کے جج اور افسران پسند ہیں۔ تاریخ گواہ ہے نواز شریف پہلے اداروں کے سربراہان کو خود لاتے ہیں اور پھر ان سے لڑتے ہیں۔

Comments are closed.