ایف اے ٹی ایف قانون سازی پر حمایت کے بدلے اپوزیشن نے لکھ کر این آر او مانگا، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی بڑی جماعتوں نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے حوالے سے ضروری قانون سازی میں حمایت کے بدلے لکھ کر این آر او مانگا۔

وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں حکومت اور تحریک انصاف کے پارٹی ترجمانوں کا اہم اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں کابینہ ارکان سمیت تحریک انصاف کے اہم رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ وزیراعظم کے مشیر بابر اعوان نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس سے متعلق قوانین پر اپوزیشن سے مذاکرات سے متعلق بریفنگ دی۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے قوانین کو قومی فریضہ سمجھتی ہے لیکن اپوزیشن نے ان قوانین کی منظوری کی آڑ میں حکومت سے لکھ کر این آر او مانگا۔ قوم نے جن کو مسترد کیا ہے وہ اپنی چوری چھپانے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے دو سال تک کڑے وقت، مشکلات اور چیلنجز کا سامنا کیا ہے اور حالات پر قابو پانے میں کامیاب ہوگئے ہیں جس کے بعد اب حکومت کی پوری توجہ معیشت کی بحالی پر ہے۔

Comments are closed.