وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کورونا وائرس کا شکار

وزیراعظم عمران خان بھی عالمی وباء کورونا کا شکار ہو گئے، کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد وزیراعظم نے خود کو اپنی رہائشگاہ پر قرنطینہ کر لیا،وزیراعظم عمران خان سرکاری امور گھر سے سر انجام دیں گے، ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امورصحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے  بعد وزیراعظم عمران خان نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی ہے کہ کورونا وبا کی تیسری لہر کے پیش نظر ایس اوپیز پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی طبعیت چند روز قبل ناساز ہوئی، انہیں ہلکی کھانسی اور بخار کی علامات تھیں، اس دوران دو روز قبل وزیراعظم نے انسداد کورونا ویکسین لگوائی تھی تاہم ویکسی نیشن سے قبل ہی عمران خان کو انفیکشن ہو چکا تھا۔فواد چوہدری، شیخ رشید احمد، اسد عمر سمیت دیگر وفاقی وزراء نے وزیراعظم عمران خان کی صحت یابی کے لئے دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

 وزیر اعظم کی  اہلیہ  بشری ٰ بی بی  کا  بھی کورونا ٹیسٹ ہوا جو مثبت  آیا، معاون  خصوصی زلفی بخاری نے   اپنے ٹویٹ  کے  ذریعے اس بات کی تصدیق کی کہ  وزیراعظم  کے بعد  ان کی اہلیہ  بھی کورونا وائرس کا  شکار ہو گئی ہیں۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا کی تیسری لہر نے شدت اختیار کرلی ہے جس کی روک تھام کے لیے کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جارہی ہے، ابتدائی مراحل میں 60 سال سے زائد عمر کے افراد اور فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو کورونا ویکسین لگائی جارہی ہے۔

Comments are closed.