آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کی کامیابی کے دوسال مکمل، وزیراعظم کی قوم اور پاک فوج کو مبارکباد

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کی کامیابی کے دو سال مکمل ہونے پر پوری قوم اور مسلح افواج کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ذمہ دارانہ طرز عمل کے تحت گرفتار بھارتی پائلٹ کو واپس بھیجا۔ بھارت کے ساتھ تمام معاملات بات چیت کے ذریعے حل کرنے اور آگے بڑھنے کیلئے تیار ہیں۔

ستائیس فروری 2019 کے روز بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے اور دشمن کو بھاری نقصان دینے کی مناسبت سے وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیان میں آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کی کامیابی کے دو سال مکمل ہونے پر پوری قوم اور مسلح افواج کو مبارکباد دی۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ایک با اعتماد اور فاخر قوم ہونے کے ناطے ہم نے پورے عزم واستقلال سے اپنی مرضی کے وقت اورمقام پر جواب دیا۔ بھارت کی غیر ذمہ دارانہ عسکری شرانگیزی کے باوجود گرفتار بھارتی ہواباز واپس کرکے پاکستان نے دنیا کے سامنے اپنے ذمہ دارانہ رویے کا اظہار کیا،ہم نے ہمیشہ امن کا علم بلند کیا ہے اور بات چیت کے ذریعے تمام تنازعات کا حل نکالنے کیلئے تیار رہتے ہیں۔

انہوں نے ایل او سی کے ساتھ جنگ بندی کی بحالی کا بھی خیرمقدم کیا اور کہا کہ مزید پیشرفت کیلئے ایک قابل ماحول بنانے کی ذمہ داری بھارت پر ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے دیرینہ مطالبے کو پورا کرنا ہوگا، حق خودارادیت کے حق کو پورا کرنے کیلئے بھارت کو ضروری اقدامات کرنے ہونگے۔

Comments are closed.