بھارت غلط فہمی میں نہ رہے، فالس فلیگ آپریشن کا قومی سطح پر منہ توڑجواب دیں گے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت نے لاپرواہی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فالس فلیگ آپریشن کیا تو پاکستان کی جانب سے قومی سطح پر اس کا مقابلہ کرتے ہوئے ہرسطح پر منہ توڑ اور موثر جواب دیا جائے گا، لہٰذا کوئی غلطی نہ کرے۔

وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بین الاقوامی قوانین کی صریحا خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارت نے کنٹرول لائن پر اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کی گاڑی پر جان بوجھ کر فائرنگ کی حالانکہ گاڑی پر واضح الفاظ میں اقوام متحدہ لکھا اور ادارے کا نیلا جھنڈا لہرا  رہا تھا۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے عمران خان نے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ بھارت کا یہ اقدام کسی بھی ذمہ دار ریاست کی اقدار، بین الاقوامی اور اقوام متحدہ کے قوانین کو جھٹلانے کے مترادف ہے، پاکستان مودی سرکار کی اس بدمعاشی کی شدید مذمت کرتا ہے۔

وزیراعظم نے اپنے بیان میں عالمی برادری کو خبردار کیا ہے کہ بھارت میں معاشی کساد بازاری، کسانوں کے بڑھتے احتجاج، بے قابو کورونا وائرس جیسے اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لئے مودی سرکار پاکستان کے خلاف فالس فلیگ آپریشن کرسکتا ہے۔

 انہوں نے بین الاقوامی برادری واضح کیا ہے کہ اگر بھارت اتنا لاپرواہ ہو کر پاکستان کے خلاف فالس فلیگ آپریشن کیا تو پاکستان کی جانب سے قومی سطح پر اس کا مقابلہ کرتے ہوئے خطرے کا ہر سطح پر منہ توڑ اور موثر جواب دیا جائے گا، لہٰذا کوئی غلطی نہ کرے۔

عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت پہلے ہی رواں برس ورکنگ باؤنڈری اور کنٹرول لائن پر 3 ہزار بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں اور اشتعال انگیزیاں کر چکا ہے جس کے نتیجے میں 276 معصوم شہریوں کی شہادت ہوئی جن میں 92 خواتین اور 68 بچے بھی شامل تھے۔

Comments are closed.