بھارت نے پاکستان کو ہائی وولٹیج مقابلے میں 6 وکٹوں سے شکست دے دی

ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے بڑے ٹاکرے میں بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کی جانب پیش قدمی مضبوط کر لی۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس ہائی وولٹیج میچ میں پاکستانی باؤلرز بھارتی بلے بازوں کے سامنے بے بس دکھائی دیے۔

پاکستان کی بیٹنگ پرفارمنس

بھارتی کپتان سوریا کمار یادو نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے۔
اوپنرز فخر زمان اور صاحبزادہ فرحان نے جارحانہ آغاز کیا لیکن فخر زمان صرف 15 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
صائم ایوب نے 21 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ حسین طلعت بھی صرف 10 رنز بنا سکے۔
صاحبزادہ فرحان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 58 رنز کی اننگ کھیلی اور نمایاں بلے باز رہے۔ محمد نواز نے 19 گیندوں پر 21 رنز بنا کر ٹیم کے اسکور کو سہارا دیا۔
بھارت کی جانب سے شیوم دوبے نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ کلدیپ یادو اور ہاردک پانڈیا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

بھارت کا ہدف کا تعاقب

172 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف عبور کر لیا۔
ابھیشیک شرما نے صرف 39 گیندوں پر 74 رنز کی جارحانہ اننگ کھیلی جس میں 5 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔ نائب کپتان شبمن گل نے بھی برق رفتار 47 رنز اسکور کیے۔
کپتان سوریا کمار یادو بغیر کھاتہ کھولے حارث رؤف کی گیند پر ابرار احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے جبکہ وکٹ کیپر سنجو سیمسن بھی 13 رنز بنا کر حارث رؤف کا شکار بنے۔
تلک ورما نے 30 اور ہاردک پانڈیا نے 7 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی اور ٹیم کو جیت دلائی۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 2 جبکہ فہیم اشرف اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

گروپ میچ کی تاریخ دہرائی

واضح رہے کہ اس سے قبل گروپ میچ میں بھی بھارت نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ اس فتح کے بعد بھارت نے ایک بار پھر اپنی برتری ثابت کر دی اور ایونٹ میں فائنل کی دوڑ میں سبقت حاصل کر لی۔

Comments are closed.