اسلام آباد: پاکستان کے اعلیٰ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بھارت اور اسرائیل نے مشترکہ حملے کی منصوبہ بندی کی، جس کا پاکستانی انٹیلی جنس اداروں نے پہلے ہی پتہ لگا لیا تھا، پاکستان مخالف کارروائی میں بھارت اور اسرائیل کی پشت پناہی ایک عالمی طاقت کر رہی تھی۔
وزیراعظم عمران خان سے سینئر صحافیوں اور اینکرپرسنز نے وزیراعظم آفس اسلام آباد میں ملاقات کی۔جس کے بعد میڈیا کے نمائندوں کو بتایا گیا کہ پاکستان اور بھارت حکومت کے درمیان براہ راست کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ تاہم بھارت کو بتادیا تھا کہ حملہ ہوا تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق بھارت اور اسرائیل نے پاکستان میں بہاولپور اور کراچی کو نشانہ بنانے کی مشترکہ منصوبہ بندی کی تھی۔ جس کا پاکستانی انٹیلی جنس اداروں نے پہلے ہی پتہ چلا لیا اور بھارت کو پیغام دیا گیا گیا تھا کہ پاکستان ہر سطح پر امن کی کوششیں کررہا ہے، کسی نے جارحیت کی تو بھرپور جواب دیا جائے گا، پاکستان خطے میں کشیدگی کے حوالے سے عالمی برادری کو آگاہ رکھے ہوئے ہے۔
بھارت کو ہر فورم پر اس طرح کے اقدام نہ کرنے کی تنبہہ کی جاتی رہی، بھارت کو بتادیا تھا کہ حملہ ہوا تو پاکستان بھرپور جواب دے گا۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک کے اندر غیرریاستی عناصر کو غیر مسلح کرنے کے لیے مربوط حکمت بنائی جارہی ہے، پاکستان کی سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف دہشت گردی کےلیے استعمال نہیں ہونے دی جائے گی،نیشنل ایکشن پلان پر بھرپورعمل کیا جائے گا، کسی بھی قسم کی کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔
Comments are closed.