ترجمان پاک فوج نے کہاہے کہ بھارتی فوج نے جان بوجھ کر ایل او سی پر اقوام متحدہ کی گاڑی پر فائرنگ کی ۔اقوام متحدہ کی گاڑیاں دورسے پہچانی جاتی ہیں۔ بزدلانہ اقدام بھارت کی انتہا پسندانہ سوچ کا عکاس اور باعث شرمندگی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے چری کوٹ سیکٹرمیں بلااشتعال فائرنگ کی اور جان بوجھ کر اقوام متحدہ مبصرین کی گاڑیوں کو نشانہ بنایا ۔ فائرنگ سے گاڑیوں کو نقصان پہنچا تاہم خوش قسمتی سے دونوں فوجی مبصر محفوظ رہے ۔
ترجمان پاک فوج نے کہاہے کہ اقوام متحدہ کی گاڑیاں دور سے پہچانی جاتی ہیں ۔ یو این مبصرین ، پولاچ گاوں میں بھارتی فائرنگ سے متاثرہ افراد سے ملاقات کے لیے جارہے تھے۔
ڈی آئی ایس پی آر نے کہاکہ پاک فوج نے فوری ریسکیو آپریشن کرکے دونوں آبزرور کو راولاکوٹ پہنچا دیا۔ بھارتی فوج کی اقوام متحدہ مبصر مشن پر فائرنگ اقوام متحدہ چارٹر کی کھلی خلاف وزری ہے۔ پاک فوج فوجی مبصر گروپ کے تمام ارکان کی بے لوث خدمت کو سراہتی ہے ۔
Comments are closed.