بھارتی کرکٹ ٹیم ایشیا کپ کھیلنے پاکستان جا سکتی ہے، بھارتی کرکٹ بورڈ
بھارتی کرکٹ ٹیم آخری مرتبہ 2008 کے ایشیا کپ کے لیے پاکستان آئی تھی جس کے بعد سے اب تک کسی بھی میچ کیلئے پاکستان نہیں آئی ہے۔
اگلے برس پاکستان میں ہونے والے ایشیا کپ میں انڈین کرکٹ ٹیم کی شمولیت کے حوالے سے مثبت خبریں آ رہی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے سال 2023 میں پاکستان میں ہونے والے ایشیا کپ میں بھارتی کرکٹ ٹیم کو پاکستان بھیجنے پر رضامندی کا اظہار کیا ہے تاہم حتمی فیصلہ بھارتی حکومت سے مشروط ہوگا۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کا پاکستان جانا حکومتی فیصلے سے مشروط ہے تاہم بی سی سی آئی کے ایجنڈے میں بھارتی ٹیم کا پاکستان جانا یقینی طور پر موجود ہے۔ بھارتی کرکٹ ٹیم کے 2023 کے بین الاقوامی ایونٹس کے شیڈول میں پاکستان میں ہونے والا ایشیا کپ بھی شامل ہے۔
اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے کہا تھا کہ یہ بہت بڑا بریک تھرو ہوگا اگر وہ آتے ہیں، لوگوں کو لگتا ہے کہ وہاں زیادہ مشکلات ہیں۔اصل میں اتنی زیادہ دوریاں ہو گئی ہیں کہ یہاں بھی کام کرنے کی ضرورت ہے اور اندر بیٹھ کر ہم نے بھی فیصلے کرنے ہوں گے، شائقین ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں، جب وہ بھارتی ٹیم یہاں پر آئیں گے اور دیکھیں گے سارے پاکستانی ان کو خوش آمدید کہیں گے۔
بھارتی کرکٹ ٹیم آخری مرتبہ 2008 کے ایشیا کپ کے لیے پاکستان آئی تھی جس کے بعد سے اب تک کسی بھی میچ کیلئے پاکستان نہیں آئی ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان آخری بار ٹیسٹ سیریز 2007 میں کھیلے گئی تھی تاہم 2012 میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے دو ٹی20 میچز اور 3 ون ڈے میچز کی مختصر سیریز کے لیے بھارت کا دورہ کیا تھا۔ گرین شرٹس آخری مرتبہ 2016 کے ٹی20 ورلڈ کپ کیلئے انڈیا گئی تھی۔
سال 2023 میں پاکستان میں ہونے والا ایشیا کپ سال کے وسط میں کھیلا جائے گا جبکہ اس کا فارمیٹ ون ڈے ہوگا۔ اسی سال انڈیا میں آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ بھی شیڈول ہے۔
Comments are closed.