نیویارک: اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں یوگا کے عالمی دن کے موقع پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے خصوصی طور پر شرکت کی، جب کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے صدر کاسابا کوروسی، میئر نیویارک ایرک ایڈمز بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
عالمی یوم یوگا کے حوالے سے تقریب کا اہتمام اقوام متحدہ میں بھارت کے مستقل مشن کی جانب سے یونائٹیڈ نیشنز ہیڈکوارٹرز کے صحن میں کیا گیا، اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے صدر کاسابا کورسی، بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی اور نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز نے یوگا ڈے کے حوالے سے مختصر خطاب کیے۔ جس میں انہوں نے یوگا کے فوائد اور اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
تقریب کے شرکاء کے لئے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کا ویڈیو پیغام نشر کیا گیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں یوگا لاکھوں لوگوں کے لئے یوگا مضبوط رہنے کا ذریعہ ہے۔ موجودہ دور میں اس قدیم ورزش کے فوائد انمول ہیں، یوگا کے عالمی دن کے موقع پر انہوں نے دنیا بھر کے لوگوں کے لئے صحت مند زندگی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے تمام شرکاء کو خوش آمدید کیا اور کہا کہ اس تقریب میں تقریباٍ ہر ملک کے شہری شریک ہیں، یوگا کا مطلب ہی اتحاد ہے، انہوں نے کہا کہ مجھے یاد ہے جب آج سے 9 برس پہلے اسی جگہ پر مجھے یہ اعزاز حاصل ہوا کہ یوگا کے حوالے سے عالمی دن منانے کی تجویز پیش کروں۔
بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہوئی ہے کہ دنیا بھر سے لوگوں نے میری تجویز کو عملی جامہ پہنانے کیلئے قدم بڑھایا اور آج اتنی بڑی تعداد میں لوگ اس ایونٹ میں شریک ہوئے۔ یوگا انڈیا سے شروع ہوا یہ بہت قدیم انڈین روایت ہے۔ انہوں نے یوگا کو فری فرام کاپی رائٹ اینڈ فری فرام پر رائلٹی قرار دیا، یوگا کو کہیں بھی کیا جا سکتا ہے، کسی بھی مذہب، نسل اور عمر کے لوگ یوگا کر سکتے ہیں، یہ صرف ورزش نہیں بلکہ صحت مند صحت گزارنے کا ذریعہ ہے، یوگا دوسرے لوگوں اور نیچر کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کرنا سکھاتا ہے۔
بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ یوگا کی طاقت صرف صحت مند اور خوش رہنا نہیں بلکہ اپنی ذات اور ایک دوسرے کے ساتھ مہربان ہونا ہے، آئیں ہم سب و مل کر یوگا کی طاقت سے ایک پرامن، صحت مند، صاف اور پائیدار مستقبل کی حامل دنیا یقینی بنائیں، یوگا کا ایک ہی ہدف ہے ایک زمین ، ایک فیملی، ایک خاندان ہے،دعا ہے کہ ہر کوئی خوش اور صحت مند رہے، انہوں نے تقریب کے کامیاب انعقاد پر اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے صدر، سیکرٹری جنرل اور میئرنیویارک ایرک ایڈمز کا شکریہ ادا کیا،
واضح رہے کہ دسمبر 2014 میں بھارتی وزیراعظم مودی نے اقوام متحدہ میں یوگا کا عالمی دن منانے کی تجویز پیش کی تھی، جس پر 175 رکن ممالک نے حمایت کی جس کے بعد جون 21 کو یوگا کا عالمی دن منانے کی تاریخی قرارداد اقوام متحدہ میں منظور کی گئی۔
Comments are closed.