بھارت کو سمندری محاذ پر بھی ناکامی، پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کا سراغ لگا لیا

کراچی: بھارت کو سمندری محاذ پر بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑ گیا، پاک بحریہ نے اپنی سمندری زون میں موجود بھارتی آبدوز کا سراغ لگا لیا۔

ترجمان کے مطابق پاک بحریہ نے اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ہر دم چوکنا رہتے ہوئے بھارتی آبدوز کا کامیابی سے سراغ لگایا بلکہ بھارتی آبدوز کی اپنی موجودگی کو خفیہ رکھنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا  اور اسے پاکستان کے پانیوں میں داخل ہونے سے روک دیا۔

نومبر 2016 کے بعد یہ دوسرا موقع ہے جب پاک بحریہ نے بھارتی آبدوزکا سُراغ لگایا، پاک بحریہ کا جدید ٹیکنالوجی سے لیس بھارتی آبدوزکا سراغ لگا لینا بھارتی بحریہ کی ناکامی ہے۔

ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ امن قائم رکھنے کی حکومتی پالیسی کو مد نظر رکھتے ہوئے بھارتی آبدوز کو نشانہ نہیں بنایا گیا جو پاکستان کی امن پسندی کا غماز ہے۔ اس واقعہ سے سبق حاصل کرتے ہوئے بھارت کو بھی امن کی طرف آنا چاہیے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی بحری سرحدوں کے دفاع کے لئے پاک بحریہ ہر لمحہ مستعد و تیارہے اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے۔

Comments are closed.