امیر خاندان کا دس سالہ ملازمہ بچی پر بہیمانہ تشدد، انسانیت شرما گئی

فیصل آباد کے ایڈن گارڈن کنال روڈ سوسائٹی کے صدر رانا منیر نے اپنی بیوی ،دیگر خواتین اور بچوں کے ہمراہ پڑوسی  کی  دس سالہ ملازمہ بچی پر سر  عام بہیمانہ تشدد کیا۔ معصوم بچی کو بالوں سے پکڑ کر گھسیٹا، منہ پر تھپڑ مارے اوربا ر ہا سڑک پر گرایاگیا۔  آدھے گھنٹے سے زائد تک پورا خاندان بچی پر تشدد کرتا رہا لیکن کوئی بچی کو بچانے نہ آیا۔

پڑوس کے گھر میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے کی ویڈیو وائرل ہوتے ہی چائلڈ پروٹیکشن بیورو فوری حرکت میں آگیا اور ادارے کی کی آفیسر ثمینہ نادر کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف تھانہ مدینہ ٹاؤن میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔پولیس نے بچی پر تشدد میں ملوث ملزم رانا منیر  کو گرفتار کرلیا  تاہم  خواتین کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا گیا۔

 چائلڈ پروٹیکشن بیورو فیصل آباد کے مطابق انہیں بچی پر تشددکی کال اور ویڈیو موصول ہوئی تھی۔ موقع پر گئے مگر بچی وہاں موجود نہیں تھی،بچی کے جن کے گھر کام کرتی تھی وہ بھی گھر پر موجود نہیں ہیں۔ ذرائع  کے مطابق  بچی جس گھر میں ملازمہ تھی، انہوں نے تشدد کے بعد پڑوسیوں سے ساز باز کرکے بچی کو والدین کے پاس بھیج دیا اور تشدد کا معاملہ رفع دفع کردیا۔ رات گئے بچی کو ساہیوال سے بازیاب کرلیا گیا، پولیس کے مطابق بچی کو والدین اپنے ساتھ لے گئے تھے ۔

تشدد کرنے والے خاندان نے الزام عائد کیا کہ اس واقعہ سے قبل ان کے بچے دوسرے گھر میں مور دیکھنے گئے تھے، ملازمہ نے ان کو مور دیکھنے سے روکا اور مارا پیٹا۔

Comments are closed.