وزیراعظم عمران خان نے آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کے لئے چار امیدواروں کے انٹرویوز مکمل کر لئے، آزاد کشمیر حکومت سازی کے لئے مزید مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان سے آزاد کشمیر کے نومنتخب ارکان اسمبلی بیرسٹر سلطان محمود چوہدری، سردار تنویر الیاس، خواجہ فاروق اور اظہر صادق نے اسلام آباد میں الگ الگ ملاقاتیں کیں، چاروں رہنماؤں سے 15،15 منٹ تک ہونے والی ملاقات میں وزیرامور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے چاروں امیدواروں سے مختلف سوالات کیے، سیاحت، پن بجلی، معدنیات، صحت تعلیم و ترقیاتی کاموں سے متعلق ویژن دریافت کیا، چاروں امیدواروں نے آزاد کشمیر سے متعلق اپنی اپنی ترجیحات سے وزیراعظم کو آگاہ کیا، آزاد کشمیر کے وزیراعظم کی نامزدگی کے لیے عمران خان مزید مشاورت کریں گے۔
ملاقاتوں کے بعد وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سلطان محمود نے کہا کہ عمران خان جسے بھی آزاد کشمیر کا وزیراعظم بنائیں گے، وہ قبول ہوگا، کوئی نمبر گیمز نہیں، سب متحد ہیں، فیصلوں کا اختیار وزیراعظم عمران خان کو دیا ہے۔
سردار تنویر الیاس نے کہا کہ پارٹی میں مختلف امور پر مشاورت جاری ہے، اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر سمیت دیگر عہدوں پر انتخاب ہونا ہے،ہمیں جو ٹاسک دیئے جا رہے ہیں،انہیں پورا کریں گے، پارٹی کے چیئرمیں جسے جو ذمہ داریاں دیں گے،انہیں پورا کریں گے۔
خواجہ فاروق نے کہا کہ پارٹی چیئرمیں سے مختلف امور پر مشاورت ہوئی، آزاد کشمیر میں سیاحت سمیت دیگر شعبوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے، عمران خان پارٹی چیئرمین ہیں،جو فیصلہ کرینگے منظور ہوگا، آج ہونے والے اجلاس میں خصوصی نشستوں کے معاملے پر مشاورت ہوئی،ہماری خواہش ہے کہ وزیراعظم عمران خان 5 اگست کو قانون ساز اسمبلی سے خطاب کریں۔
Comments are closed.