آئی ایس پی آر نے کہاہے کہ گوادر، تربت اور بشام میں بزدلانہ کارروائیوں کا مقصد داخلی سلامتی کو غیر مستحکم کرنا ہے۔مسلح افواج نے پہلی دو کوششوں کو کامیابی سے ناکام بنا دیا۔بشام میں ہونے والے تازہ ترین واقعے میں 5 چینی شہریوں سمیت 6 بے گناہ شہری ہلاک ہوئے۔ پوری قوم اپنے چینی بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے اور اس بزدلانہ کارروائی کی بلا امتیاز مذمت کرتی ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی ترقی و عوامی فلاح و بہبود کے لیے اہم اسٹریٹجک منصوبوں اور حساس مقامات کو نشانہ بنانا پاکستان اور اس کے اسٹریٹجک اتحادیوں خاص طور پر چین کے ساتھ اختلاف پیدا کرنے کی سازش ہے۔بعض غیر ملکی عناصر اپنے ذاتی مفادات کے تحت پاکستان میں دہشت گردوں کی مدد اور انکی حوصلہ افزائی میں ملوث ہیں۔ یہ عناصر مسلسل دہشت گردوں کے سرپرست کے طور پر بے نقاب ہو رہے ہیں۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ معصوم شہریوں، غیر ملکیوں اور مسلح افواج کے خلاف تشدد کی ایسی گھناؤنی کارروائیاں پاکستانی عوام، اس کی سیکورٹی فورسز اور ہمارے شراکت داروں کے ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کو پست نہیں کر سکتیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن ریاست کے طور پر واحد ملک ہے جو پوری استقامت اور مکمل عزم کے ساتھ بین الاقوامی دہشت گردی کا براہ راست مقابلہ کر رہا ہے۔ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ دہشت گردی کی براہ راست یا بالواسطہ مدد کرنے میں ملوث تمام افراد کو جوابدہ ٹھہرایا جائے۔
Comments are closed.