امریکی صدر جوبائیڈن کی مسلمانوں کو رمضان کریم کی مبارکباد

امریکا سمیت دنیا کے مختلف حصوں میں منگل کے روز (آج) سے رمضان المبارک کا آغاز ہوگیا ہے ایسے میں امریکی صدر جو بائیڈن اور خاتون اول جِل بائیڈن نےمسلمانوں کو ماہِ مقدس کی مبارک باد دی ہے۔ایک خصوصی بیان میں مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے ملک میں موجود مسلم کمیونٹی کی شراکت کے ساتھ ساتھ اس کے اراکین کو درپیش مشکلات کا بھی ذکر کیا۔اپنے بیان میں امریکی صدر نے کہا کہ ‘جِل اور میں امریکا اور دنیا بھر میں موجود مسلمان کمیونٹیز کو اپنی گرمجوش مبارکباد اور نیک تمنائیں بھیجتے ہیں، رمضان کریم’۔ان کا کہنا تھا کہ جیسا کہ ہمارے بہت سے ساتھی امریکی کل سے روزہ رکھنے کا آغاز کریں گے، ہمیں یہ بات یاد آئی کہ یہ سال کس قدر مشکل گزرا۔

انہوں نے کہا کہ ‘اس عالمی وبا میں دوست اور پیارے ابھی تک خوشیاں منانے اور اجتماع میں اکٹھے نہیں ہوسکتے ہیں اور اب تک بہت سارے گھرانے اپنے کھو جانے والے پیاروں کے بغیر افطار کے لیے بیٹھیں گے۔امریکی صدر نے کہا کہ ‘اس کے باوجود ہماری مسلمان کمیونٹیز اس ماہ کا آغاز نئی امید کے ساتھ کرتی ہیں۔

جو بائیڈن نے اپنے بیان میں اس بارے میں بھی بات کی کہ مسلمان امریکیوں نے ملک کے قیام کے بعد سے ہی ریاست ہائے متحدہ امریکا کو کس طرح تقویت بخشی۔امریکی صدر نے کہا کہ ‘وہ اتنے ہی متنوع اور متحرک ہیں جیسے امریکا کی تعمیر میں انہوں نے مدد کی، آج مسلمان کووِڈ 19 کے خلاف ہماری لڑائی میں آگے ہیں اور ویکسین کی تیاری اور صف اول کے طبی کارکنان کے طور اہم کردار ادا کررہے ہیں’۔

Comments are closed.