اسلام آباد کے ریڈ زون میں جھگڑا اور فائرنگ، جج معطل، ایم پی کے شوہر کا ڈرائیور گرفتار

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون میں فائرنگ کرنے والے ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان کو معطل کر دیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان تاحکم ثانی معطل رہیں گے، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے محکمانہ رولز کے تحت ایڈیشنل سیشن جج کو معطل کیا ہے۔ دوسری جانب مقدمہ درج ہونے کے بعد پولیس نے ایم پی اے کے شوہر کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیاہے ۔

سیشن جج کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیاہے کہ پیٹرول پمپ پر گاڑی میں بیٹھا تھا کہ چوہدری خرم نے ساتھی سمیت حملہ کر دیا جس سے شدید چوٹیں آئیں ۔واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور میڈیکل رپورٹ بھی درخواست کے ساتھ لف ہیں۔ فائرنگ سیلف ڈیفنس میں کی۔ ایڈیشنل جج جہانگیراعوان نے گزشتہ روز ایم پی اے عابدہ راجہ کے شوہر سے جھگڑے پر فائرنگ کی تھی۔

 اس سے قبل پیر کو اسلام آباد کی سیشن عدالت نے مقدمہ درج نہ کرنے پر پولیس سے جواب طلب کیاتھا۔ایڈیشنل سیشن جج نے درخواست میں موقف اختیا رکیاکہ 13 ستمبر کو پیش آنے والے واقعہ سے متعلق تھانہ سیکرٹریٹ میں درخواست دی اور بیان بھی قلمبند کرایا لیکن ابھی تک ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔

استدعاہےکہ واقعہ کامقدمہ درج کرنے اور ملزمان کو قرار واقعی سزا کیلئے احکامات جاری کیے جائیں۔عدالت نے ایس ایچ او تھانہ سیکرٹریٹ کو بدھ تک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔

Comments are closed.